امن فٹبال چیلنج کپ ریگی فٹبال کلب نے جیت لیا ، سابق سپیکر کرامت الله خان چغرمٹی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

پیر 14 مئی 2018 18:07

امن فٹبال چیلنج کپ ریگی فٹبال کلب نے جیت لیا ، سابق سپیکر کرامت الله ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ریگی امن فٹبال چیلنج کپ ٹورنامنٹ ریگی فٹبال کلب نے جیت لیا ، فائنل میں حیات آباد فٹبال کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنلٹی شوٹ کے ذریعے چار کے مقابلے پانچ گول سے شکست ، مہمان خصوصی سابق سپیکر صوبائی اسمبلی کرامت الله خان چغرمٹی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر ملک سعید خان ،ملک ابرار الحق ، ضیاء الله جان ،آرگنائزنگ سیکرٹری گوہر خان خلیل ، حاجی حیات خان ، صدر شاہ جہان خان خلیل اختر الله، حاجی فرید الله، حاجی مقبلی خان ، سہیل خان حاجی احسان الله عدنان خان خلیل اور تواب خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

ریگی سپورٹس کمیٹی کے زیراہتمام ریگی امن فٹبال چیلنج کپ ٹورنامنٹ کا فائنل گزشتہ روز حیات آباد فٹبال کلب اور ریگی فٹبال کلب کے مابین کھیلاگیا جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اورمقررہ وقت تک کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ کے ذریعے کیاگیا جس میں ریگی فٹبال کلب نے پانچ جبکہ حیات آباد کلب چار گول کرنے میں کامیاب رہی اور اس طرح ریگی فٹبال کلب نے اپنے اعزاز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کرتے ہوئے پانچ چار سے ٹرافی اپنے نام کرلی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرگنائزنگ سیکرٹری گوہر خان خلیل نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت منعقد ہوتا ہے جس میں اس سال بھی صوبے کے مختلف 42 کلبز نے حصہ لیا جس میں حیا ت آباد اورریگی فٹبال کلب نے فائنل تک رسائی حاصل کی اس سے قبل ، ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں حیات آباد فٹبال کلب نے درہ فٹبال کلب کو ایک صفر سے جبکہ ریگی فٹبال کلب نے جمرود فٹبال کلب کو صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

(جاری ہے)

گوہر خان خلیل نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد فٹبال کھیل کے فروغ کے ساتھ ساتھ ریگی کے سافٹ امیج پیش کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم سے انٹری فیس نہیں لی گئی ، ٹورنامنٹ علاقہ کے مشران کے تعاون منعقد ہوا جس میں کھلاڑیوں کو بہترین ماحول کے ساتھ ساتھ ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ۔ گوہر خان خلیل نے کہا کہ ریگی کے عوام سپورٹس سے کافی لگائو رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر سال فٹبال سمیت مختلف گیمز اپنی مدد آپ منعقد کراتے ہیں جس میں کثیر تعداد میں کھلاڑی مختلف کلبز کی طر ف سے کھیلتے ہیں ۔آخر میں سابق سپیکر صوبائی اسمبلی کرامت الله خان چغر مٹی نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔