پشاور میں چینی انسٹرومنٹل میوزک پروگرام کا انعقاد،چینی سفیراورسفارتکارکی شرکت

پیر 14 مئی 2018 18:09

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے پشاور میں چینی انسٹرومنٹل میوزک پروگرام کا انعقاد کیا۔چین کے سفیر یاؤ جنگ اور چینی سفارت کاربھی اس موقع پر موجود تھے۔پشاور میں 18 برس کے بعد منعقد ہونے والے چینی طائفے کے یادگار پروگرام میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے چینی اداکاروں کی کارکردگی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ارکسٹرا گروپ آف دی چائنہ اوپرا اینڈ ڈانس ڈرامہ تھیٹر کے اس چینی طائفے میں چین کے مایہ ناز انسٹرومنٹل اداکار شامل تھے جنہوں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کو خوب متاثر کیا ۔ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس ثقافتی شو کا بنیادی مقصدپاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی67 ویں سال گرہ کے موقع پر ایک دوسرے ملک کے عوام کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں سے متعلق یاد دہانی اور مستقبل میں سی پیک کے ذریعہ معاشی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے محبت و چاہت کے رشتے مزید مضبوط کرنا تھا۔

(جاری ہے)

طائفہ میں شامل مردو خواتین اداکاروں نے چین کے مقبول ترین گیتوں کی دھنیں پیش کیں۔گولڈن سنیک دانس کی دھن انتہائی خوبصورتی سے پیش کی گئی جبکہ سوہنی دھرتی اللہ رکھے کی دھن نے سبھی حاضرین محفل کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔فشنگ بوٹ ان دی ایوننگ اور موسم بہار کی آمد سے متعلق گیت جو چین میں خاصے مقبول ہیں کی دھنیں بھی حاضرین کی دل چسپی برقرار رکھے رہیں۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ نے میوزیکل کنسرٹ کے اختتام پر میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ پشاور اور خیبر پختون خوا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ثقافتی طائفہ کی پرفارمنس پشاور میں منعقد کی تاکہ پشاور کے شہریوں کو بھی تفریح کے مواقع میسر آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور اور چین کا شہر ارومچی ٹوئن سٹی ہیں جبکہ کاشغر اور ایبٹ آباد کو بھی ٹوئن سٹی قرار دیا گیا ہے اس حوالے سے خیبر پختون خوا کے عوام چین سے گہرا تعلق رکھتے ہیں جس کے پیش نظر مستقبل میں بھی پشاور میں کئی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

چینی سفیر نے پشاور میں بہت جلد چینی فوڈ فیسٹویل منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے پشاور کے ثقافتی وفود کو دورہ چین کی دعوت بھی دی ۔چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ اہل پشاور نے چین سے آنے والے ثقافتی طائفہ کے اراکین کا جس طرح خیر مقدم کیا اور ان کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اس پر بہت متاثر ہوئے ہیں۔