نوازشریف کا بیان‘پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی‘1095 پوائنٹس کی کمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 مئی 2018 17:22

نوازشریف کا بیان‘پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی‘1095 پوائنٹس کی کمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی۔2018ء) سابق وزیراعظم نوا زشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مندی کے بادل چھا گئے، ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک دن میں 1095 پوائنٹس کی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔تفصیلات کے مطا بق ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے جس کے سبب اسٹاک ایکسچینج رواں سال کی تاریخی مندی کا شکا ر رہا۔

اسٹاک ایکسچینج ذرائع کے مطابق ہنڈرڈ پوائنٹ انڈیکس میں 1095 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی اور شیئر مارکیٹ 43595 پوائنٹس سے گر کر 42499 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس مندی کی وجہ صرف اور صرف نواز شریف کا بیان ہے جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے متنازعہ بیان پر سرمایہ کار اور تاجر سخت ناراض ہیں اور مارکیٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

اسی وجہ سے اسٹاک ایکسچنیج 43 ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رکھ سکی۔اسٹاک تجزیہ نگاروں کے مطابق کاروباری او رتجارتی حلقوں میں نواز شریف کے بیان سے بے چینی پھیل گئی تھی اور آج یہ بے چینی عدم اعتماد میں تبدیل ہوگئی۔ جس کے سبب غیر ملکی سرمایہ دار پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں اپنا سرمایہ لگانے سے گریز کررہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ میں ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی تھی۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 271.96 پوائنٹس کی کمی سے 43795.00 پوائنٹس پر بند ہوا، مجموعی طور پر 378 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 93 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ، 267 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅمیں کمی جبکہ 18 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا تھا۔اسٹاک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد سے شیئر مارکیٹ میں مسلسل مندی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج 7 کاروباری سیشنز میں 1500 پوائنٹس گر چکی ہے۔اسٹاک تجزیہ کار کے مطابق سیاسی صورتحال کے باعث سرمایہ کار سائیڈ لائن ہیں، زیر سماعت ہائی پروفائل کیسز پر سرمایہ کار محتاط ہیں۔