اولڈ راوئینز کی جانب سے جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ کو 1کڑور49لاکھ روپے عطیہ

5ملین ڈالر سے والدین کے نام سے جی سی یو میں بزنس سکول قائم کرنا چاہتا ہوں، حکومت اجازت دے ‘ اقبال زیڈ احمد

پیر 14 مئی 2018 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) اولڈ راوئینز اور مخیر حضرات کے مستحق طلباء کے سکالر شپس کے لیئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہوراینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو 1کڑور49لاکھ روپے کے عطیات ۔فنڈ ریزنگ ڈنر میں وزیرِ اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے صدراور نامور صنعتکار اقبال زیڈ احمد نے حکومت کو درخواست کی وہ انہیں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ان کے والدین کے نام سے عالمی معیار کا بزنس سکول قائم کرنے کے لیے اجازت دے،جس کے لیے وہ ،ان کے خاندان کے افراد اور بیرون ملک اور پاکستان میں رفقاء 5ملین ڈالر کی رقم خرچ کریں گے اور اس بزنس سکول سے ہونے والی آمدن جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی حکومت کی طرف سے جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کوپانچ کڑور روپے دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ جی سی یو کے موجودہ کیمپس کو 15دہائیاں قبل صرف چند سو طلباء کے لیے بنا یاگیا تھا،جہاں آج تقریباًً12ہزار طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان اور گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ حکومت جی سی یو کے کالا شاہ کاکو کیمپس کی تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرے۔

اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ کا کہنا تھا کہ جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ نے رواں سال تقریباًً 550طلباء کو 1کڑور25لاکھ روپے کے وظائف فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ صرف میرٹ کی بنیاد پر مستحق طلباء کو سکالر شپس دیتا ہے اور ان کے تمام تر کوائف کا تفصیلی جائزہ لیتا ہے۔