پاکستان نیوی لاہور کمانڈر کموڈور ایس ایم شہزاد کا ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

ر یسکیورز پاکستان میں زندگیاں بچانے والے ہیں ،سٹیشن کمانڈر لاہور پاکستان نیوی کموڈور ایس ایم شہزاد

پیر 14 مئی 2018 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) سٹیشن کمانڈر لاہور پاکستان نیوی کموڈور ایس ایم شہزاد، ایس آئی(ایم ) نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسزہیڈ کوارٹرز (ریسکیو 1122)کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ایس آئی، سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی اور کراچی میں پاک نیوی سے ریسکیو غوطہ خوروں کی تیراکی اور غوطہ خوری کی تربیت پر اتفاق کیا ۔

اس موقع پر رجسٹرار اکیڈمی فرحان خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹریننگ) ڈاکٹر محمد اعظم ، ایڈجوٹینٹ اکیڈمی ڈاکٹر علی امام سید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایس یم شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ اس دھرتی کے بیٹے ہونے کے ناتے ہمیں لگن، ہمت اور واضح مقاصد کے ساتھ پاکستان کو ریسکیو کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریسکیورز معزز روزگار کے ساتھ ساتھ سانحات میں زندگیاں بچا کر اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122کی شاندار کارکردگی سے اس تربیتی ادارے میں فراہم کی جانے والی ڈزاسٹر منیجمنٹ کی تربیت کے معیار کا انداز ہ ہوتا ہے۔ کموڈور پاکستان نیوی نے مزید کہا کہ اُنہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ چاہے صحرائی آفت ہو یا سیلاب ہو ریسکیورز ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کرنے اور لوگوں کی زندگیوخ کو محفوظ بنانے کے لئے ہردم تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے ریسکیورز پر زور دیا کہ وہ خود سے مقابلہ کریں اپنے اندر خوابیدہ صلاحیتوں کو مزید دریافت کریں کیونکہ اُنہیں ہروقت نظر نہ آنے والے دشمن جیسے آتشزدگی، عمارتیں منہدم ہونے یا دیگر ایمرجنسیز سے نبرد آزما ہونا ہوتا ہے۔ قبل ازیں ڈی جی ریسکیو پنجاب سے ملاقات کے دوران کموڈور پاک نیوی نے ڈائریکٹر جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان نیوی ریسکیو 1122کی ڈزاسٹر ریسپانس فورس کو ہر قسم کی تکنیکی معاونت اور فلڈ منیجمنت کی مہارتوں میں اضافہ کے لئے ہرقسم کی معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ سانحات بشمول سیلاب اور زلزلہ سمیت دیگر قدرتی آفات میں پاکستان نیوی ریسکیو 1122کے ہمراہ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گی۔ اس موقع پر کموڈور ایس ایم شہزاد کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں جاری تربیت بارے بریفنگ دی گئی ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ یہ اکیڈمی سارک ممالک کے لئے ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ دیگر صوبوں کو مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی وجہ سے یہ ایک نیشنل سنٹر آف ایکسیلنس میں ڈھل چکی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیرنے کہا بلاشبہ پاکستان نیوی پاکستان کی آرمڈ فورسز کا انتہائی اہم رکن ہے سمندری سرحدوں کے ساتھ ساتھ قدرتی سانحات سے نبر د آزما ہونے میں پاکستان نیوی کا کردار قابلِ تعریف رہا ہے۔ قبل ازیں کموڈور ایس ایم شہزا د نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تربیتی سمولیٹرز بشمول گہرے کنویں، فلڈ منیجمنٹ ٹریننگ، سموک روم، فائر ٹاور، فائر فٹ چیلنج، سوئمنگ پول، منہدم عمارتوں پر ریسکیو کی تربیت اور دیگر سمولیٹرز کا دورہ کیا اور ایمرجنسی منیجمنٹ ٹریننگ اور سٹنڈرز کی تعریف کی۔