ڈرگ انسپکٹرز کرک کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بانڈہ داؤد شاہ ، سول ہسپتال گرگری اور مختلف میڈیکل سٹورز پراچانک چھاپے

پیر 14 مئی 2018 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء)ڈپٹی کمشنر کرک ظریف المعانی کی ہدایت پر ڈرگ انسپکٹرز عرفان وزیر اور محمد سلیم نے ڈرگ ایکٹ 1976ء کے تحت تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے علاقوں دریش خیل،بہادرخیل،خرم،طوطکی،احمدی بانڈہ،مکوڑی،ٹیری بازار اورگرگری میںمختلف میڈیکل سٹورز پر اچانک چھاپے مارے اوران کے ڈرگ سیل لائسنس کے علاوہ وہاںپرموجود ادویات بھی چیک کئے۔

انہوں نے بعض غیرمشتبہ ادویات کو فارم6-پر ضبط کئے اور ان کے نمونے لیبارٹر ی ٹیسٹ کے لئے فارم5-پر حاصل کرلئے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بانڈہ داؤدشاہ اور سول ہسپتال گرگری کا بھی اچانک معائنہ کیاانہوں نے بانڈہ داؤدشاہ ہسپتال کے مین سٹور سے مختلف ادویات کے نمونے فارم۔5پر لے لئے۔واپسی پر پشانوکلہ میں ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے پر چونترہ میڈیکل سٹور کے مالک کے خلاف ڈرگ ایکٹ1976ء کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔

ڈپٹی کمشنر کرک نے متعلقہ حکام کو ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں،زائد المیعاد اور جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی ہے اور سٹورز مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر زائدالمیعاد اور جعلی ادویات تلف کریں بصورت دیگر سخت کارروائی ہوگی۔