ادب معاشرے میں محبت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ،کمشنر

پیر 14 مئی 2018 18:33

ساہیوال۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادرقاضی نے کہا کہ ادب معاشرے میں توازن ‘سانجھ اور محبت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ ادب سماجی شعور کا عکاس ہے جو معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مجید امجد ادبی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی جس میں ملک بھر سے نامور ادبی دانشوروں اور محققین نے حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجید امجد ساہیوال کی ادبی وثقافتی پہچان ہیں اور اردو ادب میں بہت اہمیت کے حامل شاعر ہیں ۔کمشنر نے ادب اور ادیب کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ ادیب مہذب قوم کی نشانی ہے جو بہتر قوم کی تشکیل میں معاون ثابت ہے کیونکہ گہرے شعور اور احساس کی بدولت ہی انسانیت کے بارے میں دردمندی کا احساس ادیب کے دل میں پیدا ہوتا ہے۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹرریاض ہمدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معروف شاعر مجید امجد کی طرح دیگر شاعروں اور ادیبوں کیلئے بھی ایسے پروگرام مرتب کئے جائیں اور ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔کمشنر نے ساہیوال آرٹس کونسل کو کامیاب اور تاریخی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔