قائداعظم کے مزار سے متصل گرائونڈ پر پاکستان پارک تعمیر کیا جائے گا، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ عرفان صدیقی

پیر 14 مئی 2018 18:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی کے بعد اب شہر کو پررونق بنانے کے لئے قائداعظم کے مزار سے متصل گرائونڈ پر پاکستان پارک تعمیر کیا جائے گا جو پاکستان کے نقشے پر ہو گا اور اس میں چاروں صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ (کیو ایم ایم بی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں قائداعظم اکیڈمی کی لائبریری، ریسرچ سینٹر، میوزیم اور آڈیٹوریم کی بلڈنگ کے لئے زمین کی منظوری، قائداعظم کے مزار کی دیکھ بھال کے لئے لوگوں سے فنڈز جمع کرنے، میڈیا پلان کی منظوری، پاکستان پارک کے نقشے کی منظوری اور قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ کراچی میں وفاقی حکومت کی کوششوں سے امن و امان کی بحالی کے بعد اس کا دنیا میں امیج بہتر کرنے کے لئے پاکستان پارک بنایا جا رہا ہے جو کراچی کے لوگوں کے لئے بہت بڑی تفریح گاہ ہو گی۔

اس موقع پر کیو ایم ایم بی کے ریذیڈنٹ انجینئر اور سیکریٹری انجینئر محمد عارف نے کیو ایم ایم بی کا 175.425 ملین روپے کا بجٹ پیش کیا جسے بورڈ نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران میں انجینئر عارف حسن، فوزیہ قریشی، فیروز حشمت لودھی، انجینئر عامر حسن، فرخ حامدی، خواجہ رضی حیدر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔