ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے، صدر سردار مسعود خان

پیر مئی 19:47

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تصادم سے بچنے کیلئے ہونے والی پیشرفت پر کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کو یقینی کے لیے مسئلہ کشمیر کا بھی سیاسی حل نکل آئے گا۔یہ بات صدر آزاد کشمیر نے کیپٹل ہل میں پاکستانی امریکی کانگریس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس تقریب کا اہتمام پاکستانی امریکی کانگریس نے پاکستانی امریکی کانگریس کے 27ویں سالانہ دوستی کے دن کو منانے کیلئے کیا۔جس میںامریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چودھری اورکئی امریکی ارکان نے بھی خطاب کیا۔مہمان خصوصی صدرآزاد کشمیر نے امریکا اور پاکستان سے بھی اپنے دورانی اختلافات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلیے مل کر کام کرنے کی راہ تلاش کرنے کیلیے وہ 70 سال سے زیادہ تعاون کی تاریخ کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا ماضی میں ایک دوسرے کے اہم اتحادی رہے ہیں اورانہیں اپنے تعلقات کودوبارہ پٹڑی پر ڈالنے کیلیے کوشش کرنی چاہیے، سرد جنگ کے دوران دونوں ممالک کی شراکت،80 کے دہائی میں افغان جنگ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا بھرپور ورثہ چھوڑا ہے جسے ضایع نہیں ہونا چاہیے۔سردار مسعود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں مسئلہ کشمیر کا سفارتی حل نکل آئے گا۔