نواز شریف کا بیان اور بھارت کی پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کی خواہش، انتہائی خوفناک خبر

نواز شریف نے بیان دیکر ہندوستان کی سرجیکل اسٹرئیک کی خواش پوری کی ہے‘ سردار عتیق خان

پیر 14 مئی 2018 19:52

نواز شریف کا بیان اور بھارت کی پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کی خواہش، ..
راولاکوٹ/ ہجیرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا حالیہ بیان ملک و ملت سے غداری کے مترادف ہے۔ نواز شریف نے بیان دیکر ہندوستان کی سرجیکل اسٹرئیک کی خواش پوری کی ہے۔ نواز شریف کا بیان پاکستان کو توڑنے اور گریٹر پنجاب کا راستہ ہموار کرنے کی بنیاد ہے۔

نواز لیگی رہنماء کے بیان نے میر جعفر اور میر صادق کی روحوں کو بھی شرمندہ کر دیا ہے۔ نواز شریف کا حالیہ بیان وطن سے غداری کا ارتکاب ہے۔ ملک بھر میں نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان۔ مظاہرین کو احتجاج کے بعد قریبی تھانوں میں نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

انھوںنے ان خیالات کا اظہار چھوٹا گلہ میں اظہر شاہ کی رہائش گاہ، ہجیرہ میں سردار کاشان مسعود کے بھائی کی تعزیت اور مدار پور میں سردار اسلم خان کی تعزیت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار عتیق نے کہا کہ سجن جندال ڈپلومیسی کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نواز لیگی قیادت وطن دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔ نواز لیگ ہندوستان کی امداد سے پاکستان میں اپنا راج قائم کرنا چاہتی ہے۔انھوںنے کہا کہ حالیہ بیان کے بعد نواز شریف کی قیادت میں چلنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔ موجودہ بیان ڈان لیکس کا تسلسل ہے۔

نواز شریف طویل عرصے سے اپنا کندھا دشمن کو پیش کرنے کے لیے تلاش میں تھے۔ صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ میثاق جمہوریت سے لیکر اب تک کئے جانے والے اکثر اقدامات دفاع پاکستان، ایٹمی پروگرام اور مستقبل کے معاشی تقاضوں سے متصادم چلے آرہے ہیں۔ نواز شریف ماضی کی تاریخ سے سبق سیکھنے کے بجائے لگتا ہے اپنی مرضی کی تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف انتخابات میںمتوقع بدترین شکست سے خوف زدہ ہوکر ملک میں افراتفری اور ہنگامہ آرائی پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ اندرونی فضاء خراب ہو اور نواز لیگ کو الیکشن سے فرار کا راستہ مل سکے۔

نریندر مودی ، اجیت دول ، سجن جندال کے ساتھ قریبی تعلقات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انھوںنے کہاکہ یہ بھی خدشہ موجود ہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور حریت کانفرنس کے حوالے سے بھی نواز شریف کوئی ایسا بیان نہ داغ دیں جس سے ہندوستانی موقف اور پروپیگنڈے کو تقویت حاصل ہو۔سردار عتیق نے کہا کہ نوازشریف دوقومی نظریہ ، پاکستان کے دفاع ، ایٹمی پروگرام ، تحریک آزادی کشمیر ، پاکستان چین اور پاک روس تعلقات کی مخالفت تمام قوتوں کو یکجاء کرنے کے مشن پر کام کر رہے ہیں۔صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں مسلم کانفرنسی کارکنان کو احتجاجی مظاہرے کرنے اور نوازشریف کے خلاف غداری کے مقدمات درج کروانے کی ہدایت جاری کر دی۔