نریندر مودی کی مقبوضہ جموں کشمیر آمد، آر پار کشمیری عوام 19 مئی کو بھرپور احتجاج کرے گی،مشتاق الاسلام‘ جاوید میر و دیگر

پیر 14 مئی 2018 19:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ جموں کشمیر آمد، آر پار کشمیری عوام 19 مئی کو بھرپور احتجاج کرے گی، آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شہید برہان مظفر وانی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، احتجاجی مظاہرہ میں سول سوسائٹی،تاجران ، سیاسی و سماجی شخصیات سے بھرپور شرکت کی اپیل ۔

گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمدغزالی، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشتاق الاسلام نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندوستان نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررکھی ہیں، نریندر مودی جیسے حکمران دہشتگردی کو ہوا دے رہے ہیں ، مودی نے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کو انسانیت سوز مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، نریندرمودی کی مقبوضہ جموں کشمیر آمد پر جہاں مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام یوم احتجاج منائیں گے وہیں آزادکشمیر میں بھی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نریندر مودی کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا، دارالحکومت مظفرآباد میں سیاہ غبارے فضاء میں چھوڑے جائیں گے تاکہ دنیا کو پتہ لگ سکے کہ ہندوستان کا وزیراعظم انسانیت کا دشمن ہے اور ایسے حکمرانوں کو جنت نظیر جموں کشمیر میں کشمیری کسی صورت قبول نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام حق خودارادیت کے مطالبہ سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ نریندرمودی ایک دہشتگرد حکمران ہے جس نے گجرات میں مسلمانو ں کا قتل عام کیا اب بھارتی فوج کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ 19 مئی کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پر مقبوضہ جموں کشمیر میں حریت قیادت کی اپیل پر کشمیرکے عوام بھرپور احتجاج کرینگے۔

آزادکشمیر کی جملہ سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجران سے گزارش ہے کہ وہ نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر آزادکشمیر میں بھرپور احتجاج کریں۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما شوکت جاوید میر نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور کشمیری عوام کی 70 سالہ جدوجہد کشمیریوں کو ضرورآزادی سے ہمکنار کریگی، جموں کشمیر کے عوام کو آزادی ضرور ملے گی، بھارتی انتہا پسند ہندو حکمران کو مقبوضہ کشمیر کی سرزمین پر کشمیری کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ 19 مئی کو بھرپور احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرینگے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق’’ حق خودارادیت‘‘ دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔