نواز شریف اپنی ذات اور کرپشن کو بچانے کی خاطر ملک کی سلامتی کو داؤ پر لے آئے ہیں،مولا بخش چانڈیو

پیر 14 مئی 2018 20:18

نواز شریف اپنی ذات اور کرپشن کو بچانے کی خاطر ملک کی سلامتی کو داؤ پر ..
حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) پیپلزپارٹی کے رہنما و سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ذات اور اپنی کرپشن کو بچانے کی خاطر ملک کی سلامتی کو داؤ پر لے آئے ہیں ۔ وزارت عظمی جانے کے بعد میاں صاحب ایسی باتیں کر رہے ہیں ۔ نواز شریف کے بیان سے پوری پاکستانی قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ حیدر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف پوری ریاست سے انتقام لینے پر تلے ہوئے ہیں۔

ایک شخص غلط ہو سکتا ہے مگر نواز شریف پوری افواج پاکستان اور عدلیہ سے انتقام کی باتیں کر رہے ہیں یہ سراسر میاں صاحب کی نادانی ہے ۔ نواز شریف جو بیان دیتے ہیں تو اس کے بھائی شہباز شریف کو وضاحتی بیان دینا پڑتا ہے مگر میاں اپنے بھائی کے وضاحتی بیان کو بھی پس پشت ڈال کر پھر کوئی متنازعہ بیان دے دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے میاں صاحب نے خلائی مخلوق کا ذکر کیا تو شہباز شریف کو وضاحت دینا پڑ گئی کہ یہاں پر کوئی خلائی مخلوق نہیں اب کی بار بھی شہباز شریف نے میاں صاحب کے ممبئی حملے کے بیان پر وضاحت دی مگر نواز شریف نے کہا کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں ۔

سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ میاں صاحب بھٹو کی مثالیں دیتے ہیں میاں صاحب آپ بھٹو کی خاک کو بھی نہیں پہنچ سکتے ۔ بھٹو باوقار ، باعزت ، قوم پرست اور محب وطن لیڈر تھے وہ اس انداز سے سیاست کر گئے کہ جان چلی گئی مگر ملک کے خلاف ایک لفظ تک نہیں کہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف وزارت عظمی جانے کے بعد ایسی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں جب وہ خود وزیر اعظم تھے تو تب ایسی باتیں نہیں کرتے تھے ۔ میاں صاحب اپنی ذات کی خاطر ملک کی سالمیات کو داؤ پر لگا رہے ہیں ۔ بھارتی میڈیا میاں صاحب کے بیان کو لے کر اپنا کیس مضبوط کر رہا ہے ۔ ۔