نواز شریف کے متنازعہ بیان کے بعد عوام کا بھی شدید ردعمل

وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کا نواز شریف کے بیان پر شدید ناراضگی کااظہار ہر وہ شخص جو ملک دشمن بیان دے اسے پھانسی کی سزا سنا دینی چاہیے، نواز شریف کو ملک بدر کردینا چاہیے ، تاجر برادری کا آن لائن سروے میں مطالبہ

پیر 14 مئی 2018 20:52

نواز شریف کے متنازعہ بیان کے بعد عوام کا بھی شدید ردعمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) اسلام آبادکے شہریوں اور تاجر برادری نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں کے بارے میں بیان کو ملکی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وہ شخص جو ملک دشمن بیان دے اسے پھانسی کی سزا سنا دینی چاہیے جبکہ بعض تاجروں کا کہنا تھامیاں نواز شریف کو ملک بدر کر دینا چاہیے آن لائن کی جانب سے ہونے والے سروے کے دوران آبپارہ،ستارہ مارکیٹ ،سپر مارکیٹ ،جی آیٹ اور جی نائن کے تاجروں اور شہریوںنے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ملک دشمن بیان پر شدیدناراضگی کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت جب ملک کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں سابق وزیر اعظم نے بھارت کے مفادات کی تکمیل کی خاطر یہ بیان دیا ہے آبپارہ اور ستارہ مارکیٹ کے تاجروںمحمد طاہر،لیاقت علی،اظہر،وقاص،طارق ،نعیم ،محمد عزیز،محمد حفیظ،انیس اوردیگر نے سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعظم نے کچھ عرصہ قبل یہ دھمکی دی تھی کہ میرے سینے میں بہت راز ہیں اور مجھے یہ راز افشا کرنے پر مجبور نہ کیا جائے انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نے دراصل اس دھمکی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے انہوںنے کہاکہ ایک ایسے موقع پر سابق وزیر اعظم کی جانب سے بیان جاری کرنا جب ملک کو اندرونی اور بیرونی بہت سے خطرات کا سامنا ہے ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں اور الیکشن سر پر آچکے ہیں ایسے حالات میں وزیر اعظم کے بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نے عدالتوں کی جانب سے اپنی نااہلی کو تسلیم نہیں کیا ہے اور اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے انتظامیہ سمیت عدلیہ پر دبائو ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں انہوںنے کہاکہ اس بیان کے بعد میاں نواز شریف اپنے کئی حمایتیوںسے محروم ہو گئے ہیں اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو اسی ملک بھیجنا چاہیے جس کے حق میں انہوں نے بیان دیا ہے اور ہر اس شخص جو میاں نواز شریف کی حمایت کرتا ہے کیلئے یہ بیان آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے ایک شخص کی حمایت کرنے سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ اپنے ملک کا دفاع کریں انہوں نے اس بیان کو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کیلئے اللہ تعالیٰ کا عذاب قرار دیااور کہا کہ سابق وزیر اعظم عذاب الٰہی میں گرفتار ہوچکے ہیں اور اپنے موجودہ بیانات سے وہ اپنے حمایتیوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ بعض شہریوں نے تاحال میاں نواز شریف کے ملک دشمن بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب تک میاں نواز شریف بذات خود میڈیا پر آکر اپنے بیان کی تصدیق نہیں کرتے تب تک ہم انہیں قصور وار نہیں سمجھتے۔