مسلم لیگ ن والوں کو ملک سے زیادہ نواز شریف کا وقار عزیز ہیں،رہنما پی پی ضلع شرقی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف ایک بات کررہے ہیں اور مریم نواز اپنے والد کے بیان کی تائید کررہی ہے، مسلم لیگ ن کی پالیسی منافقت سے بڑھ کر غداری تک پہنچ چکی ہے،مشترکہ بیان

پیر مئی 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن والوں کو ملک سے زیادہ نواز شریف کا وقار عزیز ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف ایک بات کررہے ہیں جب کہ ان کی اپنی جانشین مقرر کئے گئی بیٹی مریم نواز اپنے والد کے بیان کی تائید کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسی منافقت سے بڑھ کر غداری تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل نواز شریف کی یہ پالیسی کہ ہم نہیںتو کچھ بھی نہیں سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیان آرٹیکل 6کے زمرے میں آتا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نااہل وزیراعظم نواز شریف کا بیان مستردکرتی ہے اور کسی صورت بھی کسی کو ملک کا وقار وعزت مجروح نہیں کرنے دیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی باشعور عوام یہ تو پہلے سے جانتی ہے کہ ان کے اور مودی کے تعلقات انہیں پاکستان سے زیادہ عزیز ہے مگر اب ملک دشمن بیان سے ان کا چھپا چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں پر بات کرنے سے پہلے نواز شریف کوکلبھوشن یادو کی پاکستان مخالف سگرمیاں کیوں نظر نہیں آئی اور بنا ویزے کے اپنی شوگر ملز میں ٹیکنکل اسٹاف کے طور پر را کے ایجنٹوں کو رکھنے کی ترغیب کس نے دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کس ایجنڈے پر کام کررہی ہے قوم کو پتہ چل چکا ہے۔ #