Live Updates

رمضان تزکیہ نفس اور اجتماعی و انفرادی اصلاح کا درس دیتا ہے،محمد حسین محنتی

رمضان میں قرآن سے تعلق بڑھانا چاہئے، مقدس مہینے میں جہنم کے دروازے بند اور جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں،نائب امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 14 مئی 2018 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ رمضان تزکیہ نفس اور اجتماعی و انفرادی اصلاح کا درس دیتا ہے، رمضان قرآن کا مہینہ ہے اور قرآن عظیم الشان کے اندر ہمارے لئے مکمل ہدایت اور ہر قسم کی رہنمائی موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون گلشن اقبال کے زیر اہتمام 3 مقامات پر سہ روز استقبال رمضان پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہجب ہماری ساری دوڑ دھوپ کا مقصد جسم بن جاتا ہے تو ہماری روح مر جاتی ہے ہماری زندگی کا مقصد بدل جاتا ہے، روزہ کا مقصد روح کو بیدار کرنا اور ضبط نفس ہے۔ رمضان کی فضلیت قرآن کی وجہ سے ہے۔ اس لئے رمضان میں قرآن سے تعلق بڑھانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزہ انسان میں تقویٰ پیدا کرتا ہے اور اللہ کو تقویٰ بے حد پسند ہے۔ رمضان کی ساعتوں، رحمتوں اور برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے۔

رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ رمضان میں قرآن سے تعلق کو مضبوط کیا جائے۔ اس ماہ مبارک میں جہنم کے دروازے بند اور جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔رمضان المبارک کا پیغام پریشانیوں سے نجات اور اللہ سے تعلق مضبوط کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا چھوڑ کر ایک طرف بیٹھ جانا تقویٰ نہیں بلکہ دنیا کے اندر رہتے ہوئے اپنے آپ کو گناہوں سے بجانے کا نام ہی تقویٰ ہے جس نے ایمان واحتساب کے ساتھ روزے تراویح سمیت دیگر عبادات کیں وہ کامیاب ہوگیا۔

امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی نے کہا کہ جماعت اسلامی سنت نبویؐ پر عمل کرتے ہوئے استقبال رمضان کا اہتمام کرتی ہے۔ رمضان کا مہینہ مسلمانوں پر عطیہ خداوندی ہے،رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مبارک و مقدس مہینے میں روزہ اورعبادت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کو راضی کیا، یہ وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیتا ہے۔

رمضان المبارک ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اپنی زندگیوں کو سنوار سکیں۔امیر جماعت اسلامی گلشن اقبال زون سید خضر باقی نے کہا کہ رمضان المبارک میں رب کی اطاعت اور رضا جوئی کی خاطر اپنے جسم کی جائز خواہشات ترک کر کے اللہ کی اطاعت وبندگی کی طلب کا نام ہے۔ اس مہینے میں ہر مسلمان کوذکروفکر،تلاوت ونوافل کا زیادہ اہتمام کر کے اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنا چاہئے۔اس ماہ قرآن پاک کا نزول ہوا جوتمام انسانوں کی رہنمائی کے لیے تمام انسانوں کی بھلائی اسی میں کہ وہ قرآن سے وابستہ ہوجائیں اور نبی کریمؐ کے دامن کو تھام کردنیاوآخرت میں کامیا بی کا سامان کریں۔ #
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات