بلوچستان صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 50منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا

پانچ سال میں اسمبلی کا ماحول ایک فیملی کا ماحول تھا ،تمام ارکان نے ایک دوسرے کا احترام اور عزت کیا اور انشاء اللہ آنیوالے اسمبلی میں بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا ،اسپیکر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی

پیر 14 مئی 2018 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر کے روز اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی صدارت میں 50منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ،بجٹ اجلاس 4بجے شروع ہونا تھا جبکہ 4بجکر 50منٹ پر شروع ہوا ،اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پانچ سالہ پوری کرلی ہے ،اور اس حکومت کا یہ چھٹا بجٹ ہے ،آج خوشی ہوئی ہے اور اداسی بھی ہے،خوشی اس بات کی ہے کہ اسمبلی نے اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرلی اور اب اداسی اس بات کی ہے کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے بعد ہم نئے الیکشن میں جارہے ہیں ،پانچ سال میں اسمبلی کا ماحول ایک فیملی کا ماحول تھا ،تمام ارکان نے ایک دوسرے کا احترام اور عزت کیا اور انشاء اللہ آنیوالے اسمبلی میں بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا ۔