سکھ یاتری جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے 8جون اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شریک ہونے کیلئے 21جون کو پاکستان آئینگے

پیر 14 مئی 2018 22:34

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ ) کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری 8جون جبکہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات منانے کے لئے سکھ یاتری21جون کو پاکستان آئیں گے،دونوں تقریبات میں شرکت کے علاوہ سکھ یاتری پاکستان میں موجود گورودواروں کا دورہ کریں گے ، مرکزی تقاریب گور و دوارو ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوں گی،اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق کے زیر صدارت منعقد ہواجس میںڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل سمیت امور داخلہ،خارجہ، پولیس، فوج، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او، واپڈا، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تقریبات کے حوالے سے اور تمام تر انتظامات کو بہتر طریقہ سے انجام دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا ۔سیکرٹری بور ڈ محمد طارق نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کیلئے پہلے سے زیادہ فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے جائیں گے جس کیلئے تمام ادارے تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یاتریوں کیلئے میڈیکل،رہائش ،کھانے پینے کی اشیاء اور سفری سہولیات کیلئے بلاتفریق خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ،لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر اور متبادل انتظامات کیے جائیں گے ،پاکستا ن ریلوے پہلے کی طرح بہتر طریقہ سے اپنی خدمت انجام دے گا ،فارن کرنسی ایکسچینج اور عارضی ٹیلی فون بوتھ قائم کئے جائیں گے، گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، پنجہ صاحب، حسن ابدال میں تمام ترقیاتی کام مکمل ہیں جبکہ گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بیساکھی میلہ میں میڈیا نے بہتر کردار ادا کیا، مناسب کوریج سے پوری دنیا میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوںنے مزیدکہا کہ یہی وجہ ہے کہ بہترین مہمان نوازی کی وجہ سے سکھ یاتری پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ،حسین یادیں لئے واپس بھارت جاتے ہیں ۔