حافظ آباد،دریائے چناب میں قادر آباد بیراج کے مقام پر بیلہ خطرے کی گھنٹیاں بجانے لگا

ممکنہ سیلاب کے پیش نظر بیراج اور ملحقہ بستیاں پانی میں خش و خاشاک کی طرح بہہ جانے کے خدشات

پیر مئی 21:20

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) دریائے چناب میں قادر آباد بیراج کے مقام پر بیلہ خطرے کی گھنٹیاں بجانے لگا۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر بیراج اور ملحقہ بستیاں پانی میں خش و خاشاک کی طرح بہہ جانے کے خدشات ہیں۔ ہنگامی طور پر بیلہ کو نہ اٹھایا گیا تو نا قابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو فوری اقدامات کا مطالبہ ۔

تفصیل کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر بجانب مشرق تقریباً 2 میل پر پھیلا ہوا بیلہ پانی کی گزرگاہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ جس سے دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دونوں اطراف حفاظتی بند ٹوٹ جانے کے خطرات سمیت اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر بیراج پانی کی نذر ہونے کا خدشہ ہے اور پشتوں کے ٹوٹنے سے آس پاس کی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گی کیونکہ مذکورہ بیلہ بیراج کی سطح پانی گنجائش سے دو فٹ بلند ہے ۔

(جاری ہے)

اگر ہنگامی طور پر مذکورہ بیلہ کو اٹھانے کے اقدامات نہ کیے گئے تو ممکنہ سیلاب سے گوجرانوالہ ، حافظ آباد، منڈی بہائو الدین کے اضلاع بری طرح متاثر ہوں گے اور ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ یاد رہے کہ 2014 کے سیلاب کے دوران دریاکے حفاظتی بند ٹوٹ جانے سے گوجرانوالہ ، حافظ آباد، منڈی بہائو الدین کے درجنوں دیہات مالی بدحالی کا شکار ہو گئے تھے اور مذکورہ بندوں کی از سر نو تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے تھے۔ عوامی وسماجی حلقوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنرز کو فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :