لاہور ، پاکستان زندہ آباد پارٹی نے بھی نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پیر 14 مئی 2018 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) پاکستان زندہ آباد پارٹی نے بھی نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے درخواست میں نواز شریف کے حالیہ ممبئی حملے کے بیان کو بنیاد بنایا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان زندہ آباد پارٹی کے وکیل آفتاب ورک نے درخواست دائر کی ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا ہے سیاسی جماعت کے وکیل نے درخواست میں اعتراض اٹھایا ہے کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے درخواست میں سابق وزیراعظم پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے بیان سے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے پاکستان زندہ آباد پارٹی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نواز شریف کے خلاف غداری کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کا حکم جاری کرے۔