مالی سال 2018-19کے لئے شعبہ صحت کے لئے غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں 19.4ارب روپے مختص کئے گئے،

کینسر ہسپتال بنانے کیلئے 2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، بلوچستان ادارہ برائے قلب کی تعمیر کی غرض سے 2.5ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی

پیر 14 مئی 2018 21:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے خزانہ کیپٹن (ر) ڈاکٹر رقیہ سعیدہاشمی نے بلوچستان کا مالی سال 2018-19ء کا بجٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ترقی کیلئے بنیادی عنصر کی حیثیت رکھتے ہیں موجودہ صوبائی حکومت کی کاوشوں کی وجہ سے ایک جامع ہیلتھ پالیسی پر تیزی سے کام ہورہا ہے جوکہ عنقریب نافذ العمل کردی جائے گی جس کے بعد صحت کے شعبے میں قوی بہتری متوقع ہے آئندہ مالی سال 2018-19کے لئے شعبہ صحت کے لئے غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں 19.4ارب روپے مختص کئے گئے جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 6فیصد زیادہ ہیں آنے والے مالی سال 2018-19کے دوران صوبے میں واحد کینسر ہسپتال بنانے کیلئے 2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور بلوچستان ادارہ برائے قلب کی تعمیر کی غرض سے 2.5ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی سول ہسپتال کوئٹہ کی نئے سرے سے جدید طرز پر تعمیر زیر غور ہے جس پر لاگت کا تخمینہ تقریباً 3ارب روپے ہے وزیراعلیٰ صحت انشورنس پروگرام کو تمام اضلاع میں شروع کیا جارہا ہے اس پروگرام کے تحت غریب اورحقدار شہریوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اس پر لاگت کا تخمینہ 1ارب روپے ہے حکومت بلوچستان آنے والے مالی سال 2018-19کے دوران ہیپاٹائٹس ،ٹی بی ،ملیریا اور ایچ آئی وی مریضوں کو مفت ادویات فراہم کریگی آنے والے مالی سال 2018-19میں صحت کے شعبے کیلئے 70کروڑ روپے کی لاگت سے جدید مشینری خریدی جائے گی۔

صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے جس سے پولیو کے کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس پر پولیوٹیم کی کارکردگی کو سراہا جاتا ہے اور صوبائی حکومت یہ عہد کرتی ہے کہ انشاء اللہ بلوچستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا آئندہ مالی سال 2018-19میں تقریباً2ارب روپے کی مفت ادویات دی جائیں گی آنے والے مالی سال 2018-19میں صوبہ بھر کے 90دیہی صحت مراکز کی بحالی اور مرمت کی جائے گی صوبے میں غربت کے خاتمے کیلئے 1ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ،لورالائی ،گوادر ،کیچ اور لسبیلہ میں میڈیکل سپورٹ پروگرام جاری ہیVector Borne Diseasesکے خاتمے کیلئے 2.5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں امراض چشم پروگرام کے تحت30کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے بولان میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے 1ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

Dental College Quettaکے قیام کیلئے 1ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،سنڈیمن صوبائی ہسپتال میں نئے زیر تعمیر او پی ڈی بلاک کیلئے 19.8کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ضلعی معلومات برائے صحت سسٹم کے تحت صوبہ بھر میں 18.5کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ،صوبہ بھر کی تمام اہم شاہراہوں پر ایمرجنسی سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے