Live Updates

ہم نے کرپٹ اوراستحصالی نظام کے خاتمہ کے لئے اصلاحاتی ایجنڈا مرتب کیا اور عوامی ترجیحات کے مطابق اپنی پالیسیاں تشکیل دیں،شاہ فرمان

پیر 14 مئی 2018 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی نے صوبے میں شفاف نظام کی تشکیل کاوعدہ پورا کیا ہے اوراسی شفاف نظام کی بدولت عوام کو ان کے حقوق بغیر کسی سیاسی سفارش اوررشوت کے ملے ہیں۔ پختونوں کے تحفظ کی بات کرنے والے نام نہاد سیاستدانوں نے اپنے دوراقتدار میں انہیںمحرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میںپہلی مرتبہ حکومت ملی لیکن ہم نے حکمرانی کے مزے لینے کے بجائے کرپٹ اوراستحصالی نظام کے خاتمہ کے لئے اصلاحاتی ایجنڈا مرتب کیا اور عوامی ترجیحات کے مطابق اپنی پالیسیاں تشکیل دیں۔ یہ بات انہوںنے پیر کے روز اپنے حلقہ نیابت بڈھ بیر کے دورہ کے دوران عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ کئی بار اقتدار کے مزے لوٹنے والے اپنے دورحکومت میںتو کچھ نہیں کرسکے لیکن اب تحریک انصاف پر تنقید کررہے ہیں ۔

یہ لوگ اپنی کرپشن اور لوٹ مار جتنی بھی چھپانے کی کوششیں کریں لیکن اب وہ عوام کی نظروں میں دھول نہیں جھونک سکتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جہاد میں عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسی جہاد کی بدولت آج بڑے بڑے لوگوں کی اصل حقیقت عوام کے سامنے آگئی ہے۔ انہوںنے مزیدکہا کہ شعبہ تعلیم ،صحت اور پولیس نظام میں اصلاحات لانا کوئی معمولی کام نہیں تھا ،کرپشن کاخاتمہ اورسرکاری اداروں کو عوام تک بروقت خدمات کی فراہمی کا پابند بنانا آسان کام نہیں تھا لیکن ہم نے عوامی حمایت اور بہترین پالیسیوں کی بدولت یہ ممکن کردکھایا ہے۔

آج سکولوں میںاستاد موجود ہیںاوروہاںبنیادی سہولیات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہسپتالوں میںڈاکٹروں کو واپس لیکر آئے ہیں۔ماضی کے اورموجودہ ہسپتالوں اورسکولوں کی حالت میںفرق واضح محسوس کیاجاسکتا ہے۔ صوبہ کے دارالحکومت پشاورمیں تجاوزات کاخاتمہ کیاگیاہے ۔عوام کو اندروں شہر بہترین اور سستی سفری سہولیات کے لئے بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبہ کاآغاز کیاجس کی تکمیل سے شہر یوں کو اپنے روزمرہ امور کی انجام دہی میںآسانی حاصل ہوگی۔

شاہ فرمان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں اورموجودہ صوبائی حکومت کے طرز حکمرانی میںزمین آسمان کافرق ہے جولوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں وہ خود بتائیں کہ ان کی اپنی پالیسی کیاتھی ۔ہم نے حکومت سنبھالتے ہی فرسودہ نظام کے خاتمے ،امن ،میرٹ اوراحتساب پرمبنی نظام کے قیام کی پالیسی تشکیل دی۔ عوام اب خودفیصلہ کریں کہ کونسی سیاسی جماعت نے ان کے حقوق اورشفاف نظام کے قیام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات