بھرپور شرکت سے اب مخالفین کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں،ممتازحسین سہتو

پیر 14 مئی 2018 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری و متحدہ مجلس عمل کے صوبائی رہنما ممتاز حسین سہتوایڈووکیٹ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے تحت مینارپاکستان کے سائے تلے ہونے والے کامیاب عظیم الشان جلسہ عام اور اس میں عوام کی بھرپور شرکت سے اب مخالفین کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، ایم ایم اے اقتدار میںآکر نہ صرف ملک میں عدل وانصاف ،بلاتفریق احتساب، کرپشن کا خاتمہ بلکہ ملک کو حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی ،جمہوری اور فلاحی ریاست بنائے گی۔

انہوں نے پیر کو ایک بیان میں کامیاب جلسہ کے انعقاد پر تمام قائدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے بحال وفعال ہونے سے سیکولر قوتوں اور امریکی یاروں کی نیندیں اڑچکی ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گا، جس کے متنخب صادق وامین نمائندے عوام کے امیدوں پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کے بعد کراچی میں ایم ایم اے کا تاریخی جلسہ ہوگا ،کراچی کو امن کا گھوارہ اور روشنیوں کا شہر صرف دیانتدار قیادت ہی بناسکتی ہے،ایم ایم اے کے اتحاد میں شامل کسی بھی جماعت کے نمائندوں پر کرپشن کاکوئی داغ ہے اورنہ ہی کسی کا پانامہ وکی لیکس یا قرضے معاف کرانے والوں کی فہرست میں نام شامل ہے۔#