سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے رمضان المبار ک کے لیئے ٹریفک پلان جاری کر دیا

پیر 14 مئی 2018 22:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے رمضان المبار ک کے بابرکت مہینے میں شہریوں کو ٹریفک کی تمام سہولیات با ہم فراہم کرنے کے لیئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے اس موقعہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیئے رش والے مقامات، اہم شاہرائوں، مارکیٹوں ، شاپنگ مالز اور اہم چوراہوں میں وارڈن افسران کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، برائے رہنمائی، معاونت ومدد ہیلپ لائن051.

(جاری ہے)

9272616 پر خصوصی سکواڈ تشکیل، کسی بھی جگہ پر ڈبل پارکنگ پر مکمل پابندی عائد، سیکیورٹی کے پیش نظر مساجد ، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات جہاں پر اجتماعات ہونگے ان مقامات کے نزدیک پارکنگ پر پابندی ہو گی، راولپنڈی شہر میں 10اور تحصیل ہائے میں 06 رمضان سستے بازاروں میں بھی وارڈنز کی سپیشل ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیںزائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا فیصلہ، تمام افسران و اہلکاروں کو اپنے فرائض انتہائی محنت اور دیانت داری کے ساتھ سرانجام دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ڈیوٹی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے بتایا کہ اس ماہ میں خصوصاً بعد از دوپہر اور افطاری کے اوقات میں شاپنگ سنٹرز،مارکیٹوں میں خریداری کے خواہشمندحضرات کا رش بڑھ جاتا ہے اسی سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں میں پارکنگ اور ٹریفک کورواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں غلط پارکنگ کے خلاف ایکشن لینے کے لیئے مصروف مقامات پر لفٹرز موجود رہیں گے جو غلط پارک کی گئی گاڑی اور موٹر سائیکل کو لفٹ کر لیں گے تاکہ غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک رش نہ بنے انہوں نے بتایا کہ مارکیٹوں میں مقررہ جگہوں پر ہی پارکنگ ہو گی کسی بھی جگہ پر ڈبل پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی مشکوک ، کالے شیشے اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلا ف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے بتایا کہ اس ماہ میں اہم ایام بھی شامل ہیں جن میں یوم ِ شہادت حضرت خدیجہؑ یوم ِ ولادت حضرت امام حسین یوم ِ شہادت حضرت علی ؑاعتکاف یوم القدس/جمعتہ الوداع لیلتہ القدراورچاند رات پر خصوصی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ وارڈنز کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں گی چیف ٹریفک آفیسر بلال افتخار نے احکامات جاری کیئے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں تمام ٹریفک افسران اور سٹاف اپنے اپنے فرائض لگن کے ساتھ سرانجام دیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کی مدد اور رہنمائی کریں اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔