نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کیلئے ہائیکورٹ میں 2 درخواستیں دائر

عوامی تحریک کی دائر کردہ درخواست سماعت کیلئے مقرر ،ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا 15 مئی کو سماعت کرینگے

پیر 14 مئی 2018 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں 2 درخواستیں دائر کردی گئیں۔لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کے خلاف پہلی درخواست پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور کی جانب سے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری نے دائر کی۔عدالت میں دائر درخواست میں نواز شریف، وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے، ساتھ ہی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان، ملک سے غداری کے مترادف ہے لہٰذا عدالت نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کی کارروائی کا حکم جاری کرے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان زندہ باد پارٹی کے ایڈووکیٹ آفتاب ورک کی جانب سے نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی اداروں کو بدنام کیا اور ان کا بیان غداری کے مترادف ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ نواز شریف کے اس بیان کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔بعد ازاں عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے دائر کردہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی، جس پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا 15 مئی کو سماعت کریں گے۔