مظفر آباد میں پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر کا قیام

یہ ریکروٹمنٹ سنٹر نہ صرف آزاد کشمیر اور ملحقہ علاقوں کے جوانوں کو سال بھر پاکستا ن نیوی میں بھرتی کی سہولیات فراہم کریگا بلکہ پاک بحریہ میں قومی یکجہتی اور علاقائی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا، امید ہے کہ یہ سنٹر ملک کے اس خطے کے لوگوں کے لیے ترغیب میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، مظفر آباد میں سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر کے قیام کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جا رہا تھا کیونکہ اس علاقے سے پاکستان نیوی میںکثیر تعداد میں شمولیت کے خواہش مند نوجوانوں کو بھرتی کے لیے ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر راولپنڈی جانا پڑتا تھا، وائس ایڈمرل عبدالعلیم کا تقریب سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 22:57

اسلام آباد /مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے شہر مظفر آباد میں پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر قائم کردیا گیا ۔پیر کو آزاد جموں و کشمیر کے شہر مظفر آباد میں پاکستان نیو ی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر کے قیام کی افتتاحی تقریب مظفر آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے چیف آف اسٹاف (پرسنیل) ، وائس ایڈمرل عبدالعلیم اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب گاہ آمد پر اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف(آرگنائزیشن اینڈ میتھڈز) نے مہمان ِ خصوصی کا استقبال کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے کہا کہ یہ ریکروٹمنٹ سنٹر نہ صرف آزاد جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں کے جوانوں کو سال بھر پاکستا ن نیوی میں بھرتی کی سہولیات فراہم کریگا بلکہ پاک بحریہ میں قومی یکجہتی اور علاقائی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

مہمانِ خصوصی نے مظفر آباد میں ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سنٹر ملک کے اس خطے کے لوگوں کے لیے ترغیب میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مظفر آباد میں سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر کے قیام کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جا رہا تھا کیونکہ اس علاقے سے پاکستان نیوی میںکثیر تعداد میں شمولیت کے خواہش مند نوجوانوں کو بھرتی کے لیے ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سنٹر راولپنڈی جانا پڑتا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک بحریہ میں شمولیت کے ضمن میں نوجوان نسل کو ترغیب دینے کے لیے بھرتی ٹیمیں مزید تندہی سے کا م کریں گی تا کہ مظفر آباد اور ملحقہ علاقوںسے زیادہ سے زیادہ نوجوان پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کریں۔خطاب کے بعد مہمان ِ خصوصی نے سنٹرکا باقاعدہ افتتاح کیا۔مہمان ِ خصوصی نے قلیل ترین مدت میں سنٹر کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے ریکروٹمنٹ ڈائریکٹریٹ کی کاوشوں کو سراہا اور مقامی آبادی کو مبارک باد پیش کی جو اس سنٹر کے ذریعے اپنے علاقے میں بھرتی کی سہولیات سے مستفید ہو گی۔

سنٹر کی افتتاحی تقریب میں سول و عسکری اور مقامی شخصیات نے کثیر تعداد میںشرکت کی۔بعد ازاں، وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چیف آف اسٹاف (پرسنیل) نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور پاک بحریہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم نے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کے سلسلے میں مسلح افواج کے عزم کو سراہا۔