وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس، رواں مالی سال 2017-18 کے ضمنی بجٹ اور نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری

نظرثانی شدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2017-18 کی منظوری، پنجاب کابینہ کے 31 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق پنجاب حکومت رواں مالی سال برائے 2017-18 کا ضمنی بجٹ پیش کر رہی ہے،نئی حکومت نیا بجٹ پیش کریگی،شہبازشریف

پیر 14 مئی 2018 22:47

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس، رواں مالی سال 2017-18 کے ..
لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رواں مالی سال 2017-18 کے ضمنی بجٹ اور نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نظرثانی شدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2017-18 کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کابینہ کے 31 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی اور کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کے 55 ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رجب علی بلوچ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رجب علی بلوچ مرحوم پارٹی کا اثاثہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رواں مالی سال برائے 2017-18 کا ضمنی بجٹ پیش کر رہی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے جسے بھی نئی حکومت بنانے کا موقع دیا، وہ نیا بجٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ پر صرف کیا ہے اور ہم نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کو مقدم جانا ہے۔ پنجاب حکومت نے شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کی حقیقی بچت کی ہے اور بچائے گئے وسائل بھی عوام کی خوشحالی پر صرف کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جوڈیشل ای سٹیمپ پیپر کا پروگرام متعارف کرا کر ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے اور یہ پروگرام دورس نتائج کا حامل ہے۔ اس پروگرام کے باعث رواں مالی برس پنجاب حکومت کے وسائل میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عام آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے وسائل کو مزید بڑھانا ہے۔ قومیں مانگ تانگ کر ترقی نہیں کرتیں، قوم وہی آگے بڑھتی ہے جو اپنے پائوں پر کھڑی ہوتی ہے۔

میں اپنی قوم کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا چاہتا ہوں اور آپ سب نے محنت، دیانت اور امانت کو اپنا شعار بنائے رکھنا ہے۔ خلوص نیت سے کام کریں گے تو اللہ تعالیٰ بھی ہاتھ پکڑ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں بے مثال اضافہ کرکے ان دونوں شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے جسے تندہی سے جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی اور پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر شعبے کو بہتر بنانے پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔