ممبئی واقعات پر بے وقت کی راگنی خودنوازشریف نے چھیڑ ی ،ان کی وضاحتیں پارٹی کیلئے مزید مسائل پیدا کر رہی ہیں‘سراج الحق

قوم یہ تو جانتی تھی کہ نوازشریف مودی کے جگری یار ہیں ،تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ قومی سلامتی کے معاملات میں اس قدر بے احتیاطی کا مظاہرہ کرینگے ‘امیر جماعت اسلامی

پیر 14 مئی 2018 23:10

ممبئی واقعات پر بے وقت کی راگنی خودنوازشریف نے چھیڑ ی ،ان کی وضاحتیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ممبئی واقعات پر بے وقت کی راگنی خودنوازشریف نے چھیڑ ی اور اب جو وہ وضاحتیں پیش کر رہے ہیں وہ ان کے اور ان کی پارٹی کے لیے مزید مسائل پیدا کر رہی ہیں، انہیں اپنی غلطی مان لینی چاہیے تھی ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم یہ تو جانتی تھی کہ نوازشریف مودی کے جگری یار ہیں مگر تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص سے کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ وہ قومی سلامتی کے معاملات میں اس قدر بے احتیاطی کا مظاہرہ کریں گے جو نہ صرف خود ان کے اور ان کے خاندان اور پارٹی کے لیے پریشانی کا سبب بنے گا ، بلکہ ملک و قوم کے لیے مسائل پیدا کرنے کا باعث ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان بین الاقوامی سطح پر دبائو کا شکار ہے ، تمام قائدین کو قومی معاملات پر احتیاط برتنی چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے 13 مئی کو مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے ایم ایم اے کے کامیاب جلسہ عام میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ، خاص طور پر زندہ دلان لاہور کے جذبے اور ولولے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ایم ایم اے قوم کی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہے اور ہم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد میں عوام کے بھر پور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جس عظیم مقصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا ، ہم اس منزل کو حاصل کر کے رہیں گے اور اس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے کامیاب جلسہ عام سے جہاں ملک میں اسلامی قوتوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ، وہیں سیکولر ، لبرل اور عالمی استعماری قوتوں کے آلہ کاروں کے چہرے اتر گئے ہیں اور وہ پریشانی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایم ایم اے آنے والے دنوں میں اپنی عوامی قوت میں مزید اضافہ کر ے گی۔