ایچ ای سی جامعہ اردو کی تعمیر و ترقی اور تعلیم و تحقیق کو بہتر بنانے میں بے حد دلچسپی رکھتی ہے،جاوید میمن

ہماری کو شش ہوگی کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ جامعہ اردو کا شمار جلد از جلد ملک کی نامور جامعات میں ہوسکے

پیر 14 مئی 2018 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) وفاقی اردو یونیورسٹی ،شعبہ خرد حیاتیات کے تحت پاسٹک(PASTIC) اور پاکستان سائنس فائونڈیشن کے تعاون سے ’’جانوروں کی دیکھ بھال اور اخلاقیات‘‘ (Animal Handling and Ethics)کے موضوع پر ہونے والی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹر کراچی جاوید میمن نے کہا کہ ایچ ای سی جامعہ اردو کی تعمیر و ترقی اور تعلیم و تحقیق کو بہتر بنانے میں بے حد دلچسپی رکھتی ہے اور اس ضمن میں خصوصا اساتذہ کو جو سہولتیں درکار ہیں وہ اسے دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

ہماری کو شش ہوگی کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ جامعہ اردو کا شمار جلد از جلد ملک کی نامور جامعات میں ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ اردوکے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین کی جامعہ کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششیں قابل قدر ہیں، انہوں نے نہایت قلیل عرصے میں جامعہ میں ریکارڈ کاموں کا آغاز کیا ہے جس میں اسلام آباد کیمپس کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی جامعہ اردو کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گی، انہیں امید ہے کہ جامعہ اردو مستقبل میں بہت ترقی کرے گی، ہمیں ماضی کو بھلا کر آگے کی طرف دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے ہمارے طلباء کو تحقیق کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی میں بھی مہارت حاصل کرنا ہوگی۔ایچ ای سی جامعہ اردو کو تعلیم و تحقیق کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق سے متعلق طلباء و طالبات کو اگر کسی بھی کسی قسم کے مسائل درپیش ہوں تو وہ اپنے اساتذہ کے ذریعے رابطہ کریں انہیں اس سلسلے میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔رجسٹرا ڈاکٹر افضال احمد نے کہا کہ کسی بھی جامعہ کی ترقی کا راز یہاں دی جانے والی تعلیم وتحقیق کے معیار اوراعلی تعلیم یافتہ اساتذہ پر منحصر ہوتا ہے ۔ شعبہ خرد حیاتیات کی جانب سے کئے جانے والے تحقیقی سیمینارز اور ورکشاپس یہاں کے اساتذہ اور طلباء کی علم کے حصول میں رغبت اور دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہ ورکشاپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے ایچ ای سی کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن کی پروگرام میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ جامعہ اردو کے لئے بہت اعزازکی بات ہے کہ جاوید میمن نے پروگرام میں شرکت کی اور شرکاء کوگراں قدر معلومات فراہم کیں۔ورکشاپ سے رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق،معروف محقق اور سائنسی اسکالر رئیس کلیہ سائنس ، جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر تسنیم آدم علی، چئرپرسن شعبہ خرد حیاتیات ڈاکٹر منزہ دانش، ورکشاپ آرگنائزرڈاکٹر سعدیہ خلیل،ڈپٹی ڈائریکٹر پاسٹک عبدالفتح شیخ،ڈاکٹر اقبال عالم، ڈاکٹر یاسر،ڈاکٹر خرم،ڈاکٹر اجمل شاہ، ڈاکٹر صائمہ فراز نے بھی خطاب کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ لوگوں کو جانوروں کی دیکھ بھال اور اس سے متعلق دیگر معلومات کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی ہوتے رہنا چاہیے۔ جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ سائنس پروفیسر تسنیم آدم علی نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات کو عصرِ حاضر میں جانوروں کی دیکھ بھال اور اخلاقیات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی توجہ دینا چاہیے اور ہر جامعہ میں جانوروں کیلئے گھر اور کلنیکل یونٹس بنانے چاہیئں ۔ ورکشاپ میں طلباء و طالبات کو جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق عملی تربیت دی گئی اورپروگرام کے اختتام پر مہمانوں کو شیلڈز جبکہ طلباء کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔