گورنر خیبرپختونخوا اور وزیراعلی پرویزخٹک سے قبائلی عمائدین اور عوامی نمائندگان پر مشتمل جرگہ کی ملاقات

قبائلی عمائدین اورمنتخب نمائندگان نے فاٹا کے حالات کو بہتر کرنے کے سلسلے میں قبائلیوں پاک فوج، ایف سی، سول انتظامیہ اورلیویز/خاصہ دار کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

پیر 14 مئی 2018 23:24

گورنر خیبرپختونخوا اور وزیراعلی پرویزخٹک سے قبائلی عمائدین اور عوامی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑااور وزیراعلی پرویزخٹک سے قبائلی عمائدین اور عوامی نمائندگان پر مشتمل جرگہ نے ملاقات کی، اس موقع پر چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس خیبرپختونخوا،اے سی ایس ٰ(فاٹا) کمشنرپشاور اوردیگر سرکاری افسران شریک ہوئے۔اس موقع پر جرگہ ممبرز نے اپنے خیالات کا کھل کراظہارکیا۔

اس بات پر زور دیا کہ قبائل اورپختونوں کے مسائل کا حل صرف اورصرف جرگے کے ذریعے سے ہی ممکن ہے قبائلی عمائدین اورمنتخب نمائندگان نے فاٹا کے حالات کو بہتر کرنے کے سلسلے میں قبائلیوں پاک فوج، ایف سی، سول انتظامیہ اورلیویز/خاصہ دار کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اوراس بات کا عزم دہرایا کہ پختون اورخصوصا قبائل کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا اوربے بہا قربانیوں کے نتیجے میں حاصل امن کو دشمن کے مذموم ارادوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاٹا پارلیمنٹرینز نے بھی اسی عزم کا اعادہ کیا اوراس بات کااظہار کیا کہ پختون قبائل نے ان گنت مصیبتوںکاسامنا کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام پختونوں بشمول نوجوانوںکے جائز مطالبات کو سنا جائے۔ اورقانون اورآئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کا حل نکالا جائے۔چیف منسٹر اورگورنرخیبرپختونخوا نے جرگے کی اًن تھک کوششوں کو سراہا اوراپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

یہاں اس بات کااعادہ کیا کہ حاضر جرگہ ہی پختون عوام کانمائندہ جرگہ ہے جوکہ مکمل طورپر بااختیار ہے ۔جرگہ قبائل کو درپیش تمام مصائب ومسائل کاجائزہ لے گا اورتمام قبائلی عوام بشمول تمام نوجوانان و PTM اوران کے نمائندگان سے مشورہ کرکے ، مناسب تجاویز سے حکومت کو آگاہ کریگا۔حکومت آئین اورقانون کے حدود میں رہتے ہوئے تمام مسائل کو ان تجاویز کی روشنی میں حل کرنے کا یقین دلاتی ہے۔