لیسکو نے رمضان المبارک میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے پلان ترتیب دیدیا

کنٹرول روم قائم کر کے مانیٹرنگ، آپریشن ونگ کے افسران کو بجلی بندش کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری

پیر 14 مئی 2018 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے رمضان المبارک میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے پلان ترتیب دیدیا، کنٹرول روم قائم کر کے مانیٹرنگ جبکہ آپریشن ونگ کے افسران کو بجلی بندش کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے سحری و افطاری کے دوران ڈیوٹیز پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کمپنی کے بورڈ روم میں رمضان المبارک کے دوران کنٹرول روم قائم ہوگا۔

(جاری ہے)

ناردرن، سینٹرل، ایسٹرن اور ساوتھ سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کی حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔ رات نو سے صبح چار بجے تک ہر سرکل میں ایک ایکسیئن جبکہ دو ایس ڈی او ڈیوٹی دیں گے۔ احتجاج اور مظاہرے کی صورت میں اعلی افسران کو آگاہ کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں آپریشن ونگ کے افسران سرکاری موبائل فون کو بند نہیں کر سکیں گے، موبائل فونز پر ڈائیورشن نہیں ہوگی جبکہ ویٹنگ کال آپشن کو بھی آن رکھنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہر سب ڈویژن میں تین اضافی ٹرانسفارمر لازمی ہوں گے۔ سولہ گھنٹے سے زائد تک ٹرالی ٹرانسفارمر نہیں لگایا جا سکے گا، بارش اور موسم خرابی کی صورت میں لائن سٹاف کو فوری دفاتر میں حاضری دینا ہوگی۔