جو لوگ نواز شریف کو ووٹ سے نہیں ہرا سکتے وہ گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہیں‘ نواز شریف اپنی جان دے دے گا مگر ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گا، سینیٹر چوہدری تنویر خان

پیر 14 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا ہے کہ جو لوگ نواز شریف کو ووٹ سے نہیں ہرا سکتے وہ گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہیں‘ نواز شریف اپنی جان دے دے گا مگر ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گا۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کو جب حکومت ملی تو اس وقت دہشت گردی کا راج تھا، ملک توانائی کے بحران میں ڈوبا ہوا تھا اور دہشت گردی عروج پر تھی مگر نواز شریف نے جرات مندی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل طے کیا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف اپنی جان تو دے دے گا مگر ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گا۔ ان کے بیان کو حقائق کے برعکس چلایا گیا جبکہ کچھ نام نہاد سیاسی یتیم جو نواز شریف کو ووٹ کے ذریعے نہیں ہرا سکتے مگر وہ اس طرح کے گمراہ کن پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔