فلسطین میں ظلم وجبر کے خلاف امت مسلمہ متحدہوجائے، علامہ سید عقیل انجم قادری

مسلم حکمران مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں اوراسرائیلی مظالم کے خلاف آوازحق بلند کرکے امت مسلمہ کی ترجمانی کا حق اداکریں

پیر 14 مئی 2018 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) یروشلم میںامریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج کی فائرنگ اور بدترین تشددظلم اور جبر کی بدترین مثال ہے،امریکادنیاکاٹھیکیداربننے کی کوشش نہ کرے،مسلم حکمران مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں اور فلسطین میں ہونے والے مظالم کے خلاف آوازحق بلند کرکے امت مسلمہ کی ترجمانی کا حق اداکریں۔

یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے اورنگی ٹائون میں رکن سازی کے افتتاح کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر جے یوپی کراچی کے سینئر نائب صدر مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، علامہ عبدالغفاراویسی نورانی، محمدشکیل قاسمی، علامہ عبدالقدیر قادری، عبدالوحیدیونس نورانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ جمعیت علمائے پاکستان ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذکے لئے سرگرم عمل ہے، نوجوان جے یوپی میں بھرپورشمولیت کرکے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد میں جے یوپی کے دست وبازوبنیں اور اسلام اور ملک دشمن سیکولراور لبرل پارٹیوں کے چنگل سے نکلیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نوازشریف کو ملک سے غداری کے جرم میں گرفتار کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہاکہ نواز شریف کے خلاف بغاوت اور غداری کا مقدمہ درج کیا جائے، ریاست کے لئے سیکورٹی رسک بن جانے والے نواز شریف نے ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں پاک فوج کو بدنام کرنے کے لئے نواز شریف کو استعمال کر رہی ہیں،امریکہ، بھارت اور اسرائیل نے گٹھ جوڑ کر کے ممبئی حملوں کا ڈرامہ رچایا لیکن پاکستان کا تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا شخص پاکستان کو ممبئی حملوں کا ذمہ دار قرار دے رہاہے جو ریاست سے سنگین غداری کے مترادف ا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لئے سازشوں کے جال بچھا رہی ہیں،نوازشریف بھارتی جاسوس کل بھوشن کے خلاف ایک لفظ نہیں بولتے،وہ بتائیں ہندوستانی جاسوسوں کے ساتھ ان کی کیاوابستگی ہے۔

سابق نااہل وزیراعظم کا باغیانہ رویہ ریاست کی سلامتی کے لئے شدید خطرہ بن چکا ہے۔ مودی کی زبان بولنے والا پاکستان کا وفادارہرگز نہیں ہو سکتا۔ بھارت پچھلے کئی عشروں سے مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ کل بھوشن نیٹ ورک پاکستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔ بھارت کی امن دشمنی پر نوازشریف نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے۔جے یوپی رہنمائوں نے اپنے خطابات میں کہاکہ نظام مصطفیٰ ﷺ متحدہ محاذ قوم کی امنگوں کا ترجمان بن چکاہے،آئندہ الیکشن میں قوم مودی کے یاروں کا بائیکاٹ کرے گی۔

رکن سازی کیمپ میں سبزواری ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ جہاں زیب سبزواری،جے یوپی رہنما قاری محمدادریس قاضی قادری، غلام عباس لنگاہ، محمدفرخ سلطان شمسی،جمال الدین نورانی، حافظ ماجد قادری سمیت جے یوپی کارکنان ،ذمہ داران اور عہدیداران کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔