کراچی حاجی کیمپ میں حرم فورم کے تحت پہلے سیشن میں 7ہزار خواتین عازمین حج کو تربیت دی گئی

پیر مئی 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) حاجی کیمپ سلطان آباد میں حرم فورم کراچی کے تحت خواتین عازمینِ حج کو پہلے سیشن میں 16روزہ تربیت کا اہتمام کیا گیا جس میں ملٹی میڈیا کے ذریعے تربیت دی گئی ۔تربیتی کورس وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کے حاجی کیمپوں کی اعزازی نگراں حج ماسٹر ٹرینر شاہین ضیاء صاحبہ اور حرم فورم کراچی کی نگراں امینہ سلیم اور ان کی پانچوں اضلاع پر مشتمل ماسٹر ٹرینرز کی ٹیم نے 10اپریل تا 27اپریل روزانہ صبح 9:30تا 12:40تک پاسپورٹ ہال میں انجام دیا گیا ۔

جس کی یومیہ حاضری 300سے 700تک رہی ۔ ہر دن جس ضلع کی عازمین حکومتی شیڈول کے مطابق تربیت حج حاصل کر نے آئیں ۔اسی ضلع کی ماسٹرٹرینرز نے پورے نظم و ضبط اور مکمل تربیتی پروگرام کے ساتھ روزانہ تربیت دی اور دعا ئیہ تسبیح (جس میں مکمل ارکان ِ حج کا طریقہ اور دعائیں ہیں ) تقسیم کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے اسٹال بھی مستقل موجود رہا۔

تقریباً 7ہزار خواتین عازمین حج کو مکمل تربیت فراہم کی گئیں ۔ ویڈیو سیشن کے ساتھ لیڈی ڈاکٹر سیشن میں’’ آپ کا حج اور آپ کی صحت ‘‘ کے حوالے سے رہنمائی ڈاکٹر صدیقہ فیاض نے فراہم کی ۔ ایک بھر پور پروگرام جس میں انائونسمنٹ ، حج کا محرک ، عمرہ کا طریقہ اور فلسفہ ، احرام کی ممنو عات ، حج کے 5دن ، مناسکِ حج کے ساتھ مقاصد و فلسفہ ، خواتین کا لباس ، حج کو فاسد کر نے والے عوامل ، زیارت ِ مدینہ اور حبِ رسولؐ کے تقاضے ، حکومت کی ہدایات اور انتظامی اور عمومی کے سوالات و جوابات کی نشست بھی جاری رہی۔

40ماسٹر ٹرینرز (سند یافتہ دعوة اسلامک اکیڈمی برائے خواتین اسلام آباد یونیورسٹی ) پر مشتمل ٹیم نے حاجی کیمپ میں اپنی خدمات انجام دیں ۔ دوران ِ پروگرام وقتاً فوقتاً جذبات کو گر مانے والے حرم کے ترانے اور نعت ِ رسول ِ مقبول ؐ تکبیر اور درود شریف کا ورد اور مسنون دعائیں حج و عمرہ بھی پڑھائی جاتی رہیں ۔ دعا اور ضیافت کے لنچ بکس کے ساتھ ہر روز پروگرام تکمیل تک پہنچایا جا تا رہا ۔

خواتین عازمات ِحج بہنوں نے تربیت گاہ کو بہت پسند کیا اور اپنے تاثرات سے آگاہ کیا کہ انہوں نے اچھی طرح مناسک ِ حج اُس کی روح کے ساتھ سمجھ لیے ہیں ۔ خوشی، آنسوئوں اوردعائوں کے ساتھ خواتین رخصت ہو ئیں ۔ بعد ازاں دوسرے 11روزہ سیشن کا آغازبھی ہو چکا ہے ۔ آخری قرعہ اندازی میں نام آنے والی خواتین عازمین حج کی تربیت گاہ رمضان المبارک کے بعد منعقد ہو گی ۔