جامعة المحصنات کا مشن تعلیم کے ذریعہ معاشرے اور حکومت کی اصلاح کرناہے ،دردانہ صدیقی

اسلامی و خوشحال پاکستان کی جدو جہد میں جماعت اسلامی کے اداروں کا کردار بہت اہم ہے ، تقریب سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے جامعتہ المحصنات پاکستان کی نئی نگراں افشاں نوید کی تقرری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعتہ المحصنات پاکستان کا مشن تعلیم کے ذریعے تطہیر و تعمیر افکار، افراد کی تربیت و تنظیم، اصلاح معاشرہ اور اصلاح حکومت ہے ۔

اسلامی وخوشحال پاکستان کے حصول میں جماعت اسلامی کے تمام اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت بندہ رب اقامت دین کی عظیم جدوجہد میں تحریک کے کارکنان ایک سرمایہ ہیں ،اقامت دین کی تحریک کا حصہ ہونا ہماری خوش نصیبی بھی ہے اعزاز اور آزمائش بھی۔ جماعت اسلامی جیسی اجتماعیت نفس کی نگہبانی کیلئے بہت معاون و مددگار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بیشک مناصب آزمائش ہیں لہٰذا نظام اور نظم و ضبط کے تحت اخلاص نیت کے ساتھ مناصب کی ذمہ داریوں کے تقاضوں کو سمجھنا اور پورا کرنا ہی اصل امتحان ہے۔

دردانہ صدیقی نے افشاں نوید کے لیے استقامت اور ذمہ داری کے بحسن و خوبی انجام دہی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ عثمان، ثمینہ سعید ، سیکریٹری تسنیم معظم ، ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار، ناظمہ کراچی اسما سفیر، نگران شعبہ تعلیم طیبہ عاطف ، امت الرقیب، سابق نگران جامعات المحصنات پاکستان مبین طاہرہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھیں۔