سپریم کورٹ نے لتھو انیا سے تعلق رکھنے والی غیرملکی خاتون کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

پیر 14 مئی 2018 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے لتھو انیا سے تعلق رکھنے والی غیرملکی خاتون کو اپنی مرضی پر بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی ہے ۔

(جاری ہے)

پیرکوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میںجسٹس فصیل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بنچ نے میمونہ نامی غیرملکی خاتون کی جانب سے اپنی بیٹیوں کی سپردگی کیلئے دائرمقدمہ کی سماعت کی ، اس موقع پر غیر ملکی خاتون کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں پیش ہوکرموقف اپنایا کہ میمونہ واپس دوبئی جانا چاہتی ہیں، میری استدعا کہ ان کو اجازت دی جائے، جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ عدالت غیرملکی خاتون کو دوبئی جانے کی اجازت دے گی مگر ایسی صورت میں اسے بچوں کو والد کے حوالے کرنا ہوگا، جب وہ دوبئی سے واپس آئے تو والدہ کی حیثیت سے اپنے بچوں کو والد سے واپس لے سکتی ہیں۔

فاضل وکیل کا کہنا تھا کہ میمونہ کا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے اسے پاسپورٹ واپس کرنے کاحکم دیا جائے جس پر نے عدالت نے واضح کیاکہ میمونہ کی جانب سے بیٹیاں باپ کے حوالے کرنے کے بعد پاسپورٹ ان کو واپس کر دیاجائے گا اورجو بنچ پہلے یہ کیس سن رہا تھا وہی بنچ یہ کیس دوبارہ سنے گا، بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 19 جون تک ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :