ختم نبوت کا عقیدہ ہمارا جزو ایمان ہے ، حضرت محمدؐ کے آخری نبی ہونے پرمیرا پختہ ایمان ہے، صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان

پیر 14 مئی 2018 23:46

ختم نبوت کا عقیدہ ہمارا جزو ایمان ہے ، حضرت محمدؐ کے آخری نبی ہونے ..
فیصل آباد۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ختم نبوت کا عقیدہ ہمارا جزو ایمان ہے جس پر یقین نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہوسکتا ہے اور حضرت محمدؐ کے آخری نبیؐ ہونے پرمیرا پختہ ایمان ہے لیکن بعض عناصر نے دنیاوی اور سیاسی مفادات کی خاطر اس اہم عقیدے کو استعمال کیا اور انہیں خفت کے سوا کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے یہ بات مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سرکردہ علماء کرام ومذہبی رہنمائوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا،مولانا عبدالرشید حجازی،پروفیسر نجیب اللہ طارق،قاری حنیف بھٹی،محمد عمرفاروق،خالد محمود اعظم آبادی،حبیب الرحمن،طارق عباس،قاری ارشد،محمد سعید انصاری،ڈاکٹر عبدالرحمن،طارق عباس،قاری ارشد،محمدسعید انصاری،ڈاکٹر عبدالرحمن،پروفیسر محمد طاہر صدیقی،مولانا محمد امین،محمد ادریس سلفی،محمد یٰسین ودیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے اشاعت دین کے سلسلے میں علماء کرام کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے کا ایک معتبر اورمعزز طبقہ ہیں جن کی رہنمائی ومشاورت سے سماجی امن،مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کی معاونت کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے علامہ ساجد میرکی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متاثر کن شخصیت کے مالک اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حلیف جماعت کے سربراہ ہیں جن کی دعائیں اور حمایت قابل قدر ہے۔

انہوں نے حلقہ این اے 106کے آئندہ الیکشن میں بھرپورحمایت کے اعلان پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقہ اثر میں لوگوں کو متحرک رکھیں تاکہ سیاسی مخالفین کی سازشوں کوناکام بنایاجاسکے۔