مظفرگڑھ،طیب اردگان ہسپتال کا توسیعی منصوبہ 22مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 14 مئی 2018 23:48

مظفرگڑھ۔ 14مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے پر جاری کام کو 22مئی تک ہر حال میں مکمل کیا جائے گا،26مئی کوو زیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہسپتال کا افتتاح کریں گے جس کے بعد ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی، یہ بات انہوں نے رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق ان کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں کی عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ ہسپتال ایک سنگ میل کے حیثیت رکھتا ہے ، ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کی عوام بلکہ ارد گرد کی اضلاع کی عوام کو بھی صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی، انہوں نے ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ،لیبر کی تعدادمیں اضافہ کیا جائے اور دن رات شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ کام کو معینہ مدت میں مکمل کیا جاسکے، اس موقع پرصوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، فرنیچر اور دیگر مشینری آچکی ہے جس کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے ، ایک ہفتے کے اندر مشینری نصب کردی جائے گی جس کے بعد22مئی انڈس ہسپتال کی منیجمنٹ ہسپتال کا سروے کرے گی اور ہسپتال کو انڈس ہسپتال منیجمنٹ کو مرحلہ وارحوالے کردیا جائے گا، بریفنگ میں بتایا کہ ہسپتال میں ایم آر آئی ، سٹی سکین ، جدید ایکسرے مشین، جدید الٹرا سائونڈ مشین ، جدید لیبارٹری اور جدید مشینری سے آراستہ آپریشن تھیٹر کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ کے ماہر ڈاکٹر کی او پی ڈی بنائی گئی ہے جبکہ 230بیڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

انڈس ہسپتال منیجمنٹ نے ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی بھرتی مکمل کرلی ہے جو 10گھنٹے کے نوٹس پر اپنے ڈیوٹی پر حاضر ہوسکتے ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ، مٹیریل اور کام کے معیار کا جائزہ لیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔