رمضان، ماڈل، اتوار بازاروں اور فروٹ منڈیوں میں ناقص پھل اور سبزیوں کے خلاف مہم جاری

پیر مئی 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) رمضان، ماڈل، اتوار بازاروں اور فروٹ منڈیوں میں کیلشیم کاربائیڈ سے پکے ناقص پھل اور سبزیوں کے مکمل خاتمے کے لیے پنجاب فوڈ ا تھارٹی کی مہم جا ری ہے۔اس سلسلے میں صوبہ بھر میں کولڈ سٹورز، منڈیوں اور بازاروں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کیلشیم کاربائیڈ لگے 3ہزار کلو پھل تلف کر دیے گئے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ صوبہ بھر میں کولڈ سٹورز، فروٹ منڈیوں کے گوداموں کی چیکنگ کرتے ہوئے موسم گرما کے پھلوں کو جلدی پکانے اور تا دیر سٹور کرنے کے لیے مضر صحت ممنوعہ کیمیکلزاور کیلشیم کاربائیڈ لگے 3ہزار کلو پھل تلف کر دیے گئے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور میں کاروائی کرتے ہوئے 1300کلو،راولپنڈی میں 740کلو، جبکہ ملتان اور فیصل آباد میں 960کلو کیلشیم کاربائیڈ لگے پھل اور سبزیاں تلف کیے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ نے واضح کیا کہ ایک ماہ سے آپریشن ٹیمیں عوام کو صحت افزا پھلوں اور سبزیوں کی یقینی فراہمی ممکن بنانے کے لیے لاہور سے راجن پوراوراٹک سے ڈیرہ غازی خان تک فروٹ منڈیوں، کولڈ سٹورز کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے پھلوں کے بیوپاریوں، کولڈسٹور مالکان کو کیلشیم کاربائیڈ استعمال نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی تھیں۔فوڈ سیفٹی ٹیمز نے پھلوں اور سبزیوںکی صورت میں بیماریاں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے آم، آڑوو، کیلے،آلو بخارہ، پیاز، بھنڈی اور بینگن تلف کر دیے۔درحقیقت لییکیلشیم کاربائڈ سے پکے پھل اور سبزیاں کینسر، پیچیدہ دماغی امراض، حافظے کی کمزوری، نیند کی کمی اور انتڑیوں کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک سے قبل منڈیوں میں صحت بخش اور محفوظ پھلوں کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔کسی بھی منڈی یا کولڈ سٹورسے ایک سے زائد بار کیلشیم کاربائیڈ لگی اشیاء برآمد ہونے پرسخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا جائے گا۔