پاکستان یورپین یونین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو دوستی، تعاون اور ہم آہنگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی یورپی یونین کے سفیر جین کوٹین فرانکوئس سے گفتگو

پیر مئی 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان یورپین یونین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو دوستی، تعاون اور ہم آہنگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین کوٹین فرانکوئس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاوس میں سپیکر سے ملا قات کی۔

سپیکر نے پا کستان میں جمہوری عمل اور جمہوری اداروں کے استحکا م کے لئے تعاون پر یورپی یونین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کی خواہاں ہے اور تجارتی و اقتصادی، امن و سیکورٹی اور پارلیمانی سطحوں پر تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ ہم جمہوریت کے فروغ، عالمی امن بالخصوص جنوبی ایشیاء میں امن و ترقی کے لئے عالمی قوتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانیوں کی بڑی تعدادیورپ میں سکونت پذیر ہے اور وہ ان معاشروں کے باعزت شہری ہیں اور ان میں کچھ ان کی پارلیمانوں کے منتخب ممبر ہیں۔ یورپی یونین کے سفیر جین کوٹین فرانکوئس نے سپیکر کے تاثرات کو سراہا اور یورپی یونین کی طرف سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، صنفی مساوات، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔