کوئٹہ میں برطانوی ہائی کمیشن میں 66 سالہ خدمات کے اعتراف میں مرحوم چنوں پرویز کے لئے ملکہ برطانیہ کی طرف سے تمغہ تاج برطانیہ ان کے اہل خانہ نے وصول کیا

پیر 14 مئی 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) برطانوی ہائی کمشنر نے کوئٹہ میں ہائی کمیشن کے برطانوی افسران کیلئے 66 سالہ خدمات کے اعتراف میں مرحوم چنوں پرویز کو ملکہ برطانیہ کی طرف سے تمغہ تاج برطانیہ عطا کیا۔ چنوں پرویز کو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے یہ اعزاز دیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چنوں پرویز کو یہ تمغہ کوئٹہ میں پاکستان آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج برطانوی افسران کی خدمات کے اعتراف میں نوازا گیا ہے۔

چنوں پرویز مرحوم کا بیٹا اسلم پرویز، بھائی اشرف اور عظیم پرویز اور ان کی بہن یاسمین عظیم برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں اپنا اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوئٹہ سے اسلام آباد پہنچے۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی طرف سے پرویز کی لگن ، محنت اور تجربہ کے اعتراف میں یہ اعزاز دیتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج برطانوی افسران کی خدمت کیلئے مرحوم چنوں پرویز نے کامیابی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

پاکستان آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں برطانوی فوج اپنے کیڈٹس کو تعلیم کیلئے 1947ء سے بھجوا رہی ہے۔ یاد رہے کہ چنوں پرویز جولائی 2017ء میں انتقال کر گئے تھے۔