اے پی پی کی طرف سے غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں کلچرل شو کا اہتمام،معروف موسیقاروں اور لوک فنکاروں نے اپنے فن سے شرکاء کے دل موہ لئے

منگل 15 مئی 2018 01:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز کے موقع پر اے پی پی کی طرف سے غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا،جس میں معروف موسیقاروں اور لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کے دل موہ لئے۔ غیر ملکی مہمانوں اور مقامی شرکاء نے اس رنگا رنگ پروگرام کی بھرپور تعریف کی اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

موسیقی کے اس پروگرام میں پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فنکاروں نے ثقافتی رقص پیش کئے۔ جس سے چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، لبنان، سوڈان، شام اور تیونس کے مہمان بے حد محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر معروف موسیقار استاد سائیں رئیس احمد خان نے وائلن پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دیدار حسین نے ڈھول بجا کر شرکاء سے داد وصول کی جبکہ خیبر پختونخوا کے لوک فنکار نے رباب پر اپنے فن کا جادو جگایا۔ اس پروگرام میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی کوششوں کو سراہا۔