اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کا آزاد فلسطینی مملکت کے قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا مطالبہ

منگل 15 مئی 2018 11:20

اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کا آزاد فلسطینی مملکت کے قیام ..
تہران۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی نے بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی پر زور دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی کا ہنگامی اجلاس تہران میں ہوا۔

اجلاس کے اختتامی بیان میں امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی اقدام کی مذمت کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی فلسطین کمیٹی سرزمین فلسطین سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کیلئے فلسطینی عوام کی جد وجہد، فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ امت اسلامیہ کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے اختلافات بھلا کر اور عالم اسلام کی طاقت و توانائی اور وسائل و ذرائع کا استعمال کرکے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بازیابی کی کوشش کریں۔ بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام کی تحقیقات کرائے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مجرموں اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

بیان میں فلسطین کمیٹی نے عالمی برادری سے بھی کہا ہے کہ غزہ کا زمینی، ہوائی اور سمندری محاصرہ ختم کرنے کے لئے غاصب اسائیلی حکومت پر دباؤ ڈالے اور غزہ جانے والی تمام گذرگاہوں کو کھلوانے کیلئے اپنی کوشش بروئے کارلائے۔