ہالی ووڈ فلم ’’اوینجر: انفنٹی وار‘‘ کے دہشت زدہ ولن کا دنیا میں راج

اب تک ابتدائی 3 ہفتوں میں دنیا سے ایک ارب ڈالر کمانے والی پانچویں فلم بن گئی

منگل 15 مئی 2018 12:00

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) ہولی وڈ کی 18 سپر ہیروز فلموں کے 22 ہیروز اور ایک دہشت زدہ ولن کی کبھی ختم نہ ہونے والی لڑائی پر مبنی فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ کا دنیا بھر میں راج برقرار ہے۔فلم نے جہاں 27 اپریل کو دنیا بھر میں شاندار اوپننگ سے تہلکہ مچایا تھا، وہیں اب اس فلم نے چین میں بھی کمائی کے نئے ریکارڈ بنا ڈالے۔

’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی 3 ہفتوں میں جہاں دنیا بھر سے اب تک ایک ارب ڈالر کماکر جہاں نیا اعزاز حاصل کیا ہے، وہیں اس فلم نے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔’اوینجر: انفنٹی وار‘ اب تک ابتدائی 3 ہفتوں میں دنیا سے ایک ارب ڈالر کمانے والی پانچویں فلم بن چکی ہے۔باکس آفس ویب سائٹ ’موجو‘ کے مطابق ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے چین میں ابتدائی 3 میں 20 کروڑ امریکی ڈالر کماکر نیا ریکارڈ بنا دیا۔

(جاری ہے)

’اوینجر: انفنٹی وار‘ کو چین میں 10 مئی کو ریلیز کیا گیا تھا، جس نے پہلے ہی دن 6 کروڑ ڈالر سے زائد کمائی کرکے مارول اسٹوڈیو کی ہی فلم ’بلیک پینتھر‘ کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔’بلیک پینتھر‘ نے چین میں پہلے ہی دن ساڑھے 4 کروڑ جب کہ ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے ساڑھے 6 کروڑ امریکی ڈالر کی کمائی کی۔یوں ’اوینجر: انفنٹی وار‘ چین میں پہلے 3 دن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری فلم بن چکی ہے، جب کہ وہ دنیا بھر میں 3 ہفتوں کے دوران ایک ارب ڈالر سمیٹنے والی 5 ویں فلم بن چکی ہے۔

’اوینجر: انفنٹی وار‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ وہ پہلی سپر ہیروز فلم ہے، جس نے 3 ہفتوں میں دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر کمائے۔علاوہ ازیں دہشت زدہ ولن کی اس فلم میں لاطینی امریکا سے 3 ہفتوں میں 50 کروڑ امریکی ڈالر بٹورنے کا بھی نیا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔18 فلموں کے 22 سپر ہیروز کی اس فلم نے نہ صرف چین اور امریکا بلکہ بھارت سمیت دنیا کی بڑی باکس آفسز میں بھی کئی نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔

واضح رہے کہ اس فلم میں مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی 18 فلموں کے سپر ہیروز کو ایک جگہ اکٹھا کرکے اسی اسٹوڈیو کے سب سے طاقتور ولن یعنی ’تھیونس‘ سے مقابلے کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔فلم میں معروف سپر ہیروز آئرن مین، بلیک پینتھر، کیپن امریکا، ڈاکٹر اسٹریج، اسپائیڈر مین، تھور، آنٹ مین اور ایوینجرز، گارڈینز آف دی گلیکسی اور مارول اسٹوڈیو کے دیگر تمام سپر ہیروز کو خطرناک ولن سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

تھینوس نامی یہ کردارفلم میں 6 انفٹنی اسٹونز اکھٹا کرنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے رہا ہے، جو ایسے پتھر ہیں جنہیں متعدد مارول فلموں میں طاقت کے لیے اہم دکھایا جاچکا ہے۔فلم میں تمام سپر ہیروز ایک ولن کو شکست دینے میں بھی مشکلات کا شکار نظر آتے ہیں۔یوں سمجھ لیجیے کہ فلم دراصل 22 سپر ہیروز اور ایک دہشت زدہ ولن ’تھیونس‘ کی کبھی ختم نہ ہونے والی جنگ ہے، جو شائقین کو آخر تک اپنے سحر میں جکڑے رکھتی ہے۔فلم کی ہدایات نتھونی روسو اور جو روسو نے دی ہیں۔