یاسر شاہ دو سے تین ماہ میں سپرفٹ ہوجائیں گے، پوری کوششش ہے کہ نیوزی لینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ قومی ٹیم کا حصہ ہوں، پی سی بی میڈیکل پینل

منگل 15 مئی 2018 12:10

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز ان فٹ بائولر یاسر شاہ کو جلد از جلد فٹ کرکے پاکستانی ٹیم کا حصہ بنانے کے لئے پی سی بی میڈیکل سٹاف سر توڑ کوشش کررہا ہے۔یاسر شاہ نے قومی ٹیم کو کئی ٹیسٹ میچز جتوائے اور ان کے ٹیم میں نہ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ میچز میں پاکستان ٹیم کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔

ان کو میچ وننگ بائولر کہا جاتا ہے ۔ مئی 2016 سے اب تک انہوں نے پاکستان کی جانب سے 17 میں سے 16 ٹیسٹ میچ کھیل کر 89 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2016 میں یاسر شاہ نے لارڈز کے میدان پر تاریخی ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس میچ میں کامیابی سے پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔ انہوں نے صرف 17 میچوں میں اپنی 100 ٹیسٹ وکٹیں جبکہ 27 میچوں میں 150 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا سنگ میل عبور کرنے کا دوسرا تیز ترین ریکارڈ ہے۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف اور کولہے میں فریکچر کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے تین ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوگئے تھے۔قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اسٹار کرکٹر کو فٹ کر نے کے لیے انہیں خصوصی ایروبک ایکسرسائز کرائی جارہی ہیں،ان کا کولہے کا فریکچر دن بدن بہتر ہورہا ہے لیکن انہیں وزن کم کرانے کے لیے سخت ٹریننگ کرائی جارہی ہے۔پی سی بی کے میڈیکل پینل کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ یاسر شاہ دو سے تین ماہ میں سپرفٹ ہوجائیں گے۔

آنے والے چند ماہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دنیائے کرکٹ کی 3 بڑی ٹیموں نیوزی لینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف اہم ترین ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں اور پی سی بی کی کوشش ہے کہ ان سیریز میں یاسر شاہ قومی ٹیم کا حصہ ہوں۔یاسر شاہ اکتوبر میں کرکٹ کے میدان میں دوبارہ سے ایکشن میں نظر آنے کے لیے ان دنوں سرتوڑ ٹریننگ کررہے ہیں اور ان سیریز میں کچھ اسپیشل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔