حریت کانفرنس کی کشمیری عوام سے رمضان المبارک کے دوران بڑھ چڑھ کر عطیات دینے کی اپیل

گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اپنی جدوجہد آزادی کواپنے خون سے سینچا ہے

منگل 15 مئی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی نے ’’استقبال رمضان‘‘ کے حوالے سے امت مسلمہ کو بالعموم اور جموںو کشمیر کے مسلمانوں کو بالخصوص مبارک باد دیتے ہوئے کشمیری عوام اور مخیر شخصیات سے بڑھ چڑھ کر عطیات دینے کی اپیل کی ہے تاکہ حریت کانفرنس اپنا مشن جاری رکھ سکے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت کانفرنس نے ہمیشہ نادار اور غریب افراد کی مدد کا عظیم مشن جاری رکھا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اپنی جدوجہد آزادی کواپنے خون سے سینچا ہے ۔ انہوںنے سینکڑوں کشمیری جیلوں اور حراستی مراکز میں نظر بند ہیں اور انکے اہلخانہ مشکلات کا شکار ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

غلام نبی سمجھی نے کشمیریوں سے رمضان المبارک کے دوران حریت کانفرنس کو زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ ماہ مبارک صبر ، برداشت اور ہمدردی کا مہینہ ہے دنیابھر کے مسلمان اس دوران بڑھ چڑھ کرزکواة اور عطیات پیش کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ داری اور ذاکر اِلٰہی کا اہتمام کرتے ہوئے عجزوانکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور امت مسلمہ کو درپیش جملہ مصائب ومشکلات سے نجات حاصل کرنے کیلئے خصوصی دعائیں مانگنی چاہئیں۔

غلام نبی سمجھی نے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کیلئے جاری جدوجہد آزادی میں مصروف عمل کارکنوں ،کشمیری نظربندوں کے علاوہ جملہ شہدائے کشمیر کے لواحقین، یتیموںاور بیوائوں کی مالی معانت کی مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سبھی حاجت مندوں کی ضروریاتِ زندگی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔