ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو متحد ہو کر نیک نیتی سے کام کرنا چاہئے ،ْ شدیر خان

کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے ہماری نوجوان نسل کو کئی مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے ،ْ میڈیا سے گفتگو

منگل 15 مئی 2018 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے رکن اور الفیصل فٹ بال کلب کے صدر محمد شدیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کیلئے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو متحد ہو کر نیک نیتی سے کام کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کراچی کمپنی گرائونڈ میں مہران فٹ بال اکیڈمی کے زیراہتمام تقسیم انعامات کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور مہران فٹ بال اکیڈمی کے صدر محمد زمان بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ہمارا مستقبل کا اثاثہ ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فرض سب کا فرض ہے، محمد شدیر خان نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے ہماری نوجوان نسل کو کئی مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری یے اور ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے انفراسٹرکچر کی بہت ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں ترقی کے لئے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو متحد ہو کر نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں میں ریفریز کو بھی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کھلاڑیوں کو بھی ریفریز کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے قومی ویٹ لیفٹنگ اور ریسلنگ کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کامن ویلتھ میں میڈلز حاصل کے ثابت کردیا ہے پاکستان میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرکے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے۔