رمضان المبارک 1439 ہجری،پاکستان میں آج چاند نظر آنے کا امکان

ماہ رمضان کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس16مئی کوکراچی میں ہوگا ، مفتی منیب الرحمن

منگل مئی 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رمضان کا چاندآج(بدھ)نظر آسکتا ہے،ماہ رمضان کاچانددیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج(بدھ)کراچی میں ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع اور سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف ہو گا، جس کے باعث رمضان المبارک کا چاند نظر آ سکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع اور سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف رہنے کی توقع ہے۔ امید ہے کہ اس دوران رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند نظر آ سکے گا۔فلکیات اور موسمیات سے وابستہ ماہرین کے مطابق23گھنٹے سے زائد عمر کا چاند دیکھا جا سکتا ہے۔16مئی کو چاند کی عمر 27 گھنٹے ہو گی جو مطلوبہ معیار سے چار گھنٹے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک 1439؁ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کااجلاس آج( بدھ )16مئی2018 کو بعد نمازِ عصر دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہو گا ۔

ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ رمضان کا چاند غروب آفتاب کے بعد ایک گھنٹے تک نظر آ سکے گا۔