نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 15 مئی 2018 13:20

نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست سے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 3 مئی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر قومی راز افشا کرنے کی دھمکی دی۔

وکیل نے کہا کہ نواز شریف کے 12 مئی کے بیان کو بھارت نے پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے اعتراف کے طور پر لیا۔ وکیل بابر اعوان نے استدعا کی کہ ڈی جی ایف آئی اے کو نواز شریف کے خلاف کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد نواز شریف کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔