بھارتی ریاست کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست، بی جے پی کی 222 میں سے 118 حلقوں میں کامیابی

منگل 15 مئی 2018 13:20

بنگلور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کو شکست دیکر تاریخی کامیابی حاصل کرلی، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بی جے پی نے ریاستی اسمبلی کے 222 حلقوں میں سے 118 حلقوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ برسراقتدار کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے،کانگریس کے امیدوار محض 62نشستوں پر کامیاب ہوسکے ہیں۔

منگل کو بھارتی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری انتخابی نتائج کے مطابق بھارت کی حکمران بی جے پی نے جنوبی بھارت کی اہم ریاست کرناٹک میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔گزشتہ اسمبلی میں بی جے پی کے اراکین کی تعداد 40 تھی۔ کانگریس دوسرے نمبر پر رہی جبکہ جنتا دل سیکولر کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

بی جے پی نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی کے لئے اپنے امیدوار بھرپور تیاری کے بعد اتارے جن میں سے بیشتر نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

بے جے پی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار بی ایس یدورپا نے کانگریس کے امیدوار کو شکست سے دوچار کردیا۔ بی جے پی کو حکومتی سازی کے لئے 224 رکنی اسمبلی کے ایوان میں 113ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ اسمبلی کے دو حلقوں میں انتخاب نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے اب اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 222ہے۔ بھارت کے سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڈا کی سربراہی میں قائم جنتا دل سیکولر اسمبلی کے 40 حلقوں میں سبقت لئے ہوئے ہے۔جبکہ گزشتہ اسمبلی میں بھی اس کے اراکین کی تعداد 40 ہی تھی۔ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی تعاون کے بغیر حکومت تشکیل دے گی۔