عراقی عدالت کا روسی سفارت کار کے قاتل کو پھانسی کا حکم

منگل مئی 13:50

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) عراق کی ایک فوجداری عدالت نے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت روس کے ایک سفارت کار کو قتل کرنے کے جرم میں زیرحراست ملزم کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے ترجمان عبدالستار البیرقدار نے بتایا کہ عراق کی فوجداری عدالت نے 2006ء میں ایک روسی سفارت کار کو ذبح کرکے موت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 2006ء میں دیگر مسلح جنگجوؤں کے ساتھ مل کر چار غیرملکیوں کو اغواء کے بعد قتل کیا تھا۔ملزم نے اقبالی بیان میں کہا کہ اس نے دیگر شدت پسندوں کے ساتھ مل کر ایک روسی سفارت کار کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش دریائے دجلہ میں بہا دی تھی۔

متعلقہ عنوان :